خیبرپختونخوا میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی۔
رپورٹ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو ارسال کردی گئی جس کے مطابق حالیہ بارشوں کےباعث صوبے میں 20ارب روپےسے زائد کا مالی نقصان ہوا ہے اور صوبے کے 20 محکموں کی603 سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
بٹگرام میں سب سےزیادہ 214 سرکاری املاک تباہ ہوئیں، سوات میں97، باجوڑ میں 65 اور مانسہرہ میں 58 سرکاری عمارتیں متاثر ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق 37 سرکاری تعلیمی ادارے، 83 سڑکیں اور10 پل مکمل طور پرتباہ ہوئے، بارشوں کے باعث 226 ایرگیشن چینلز، 68 واٹر سپلائی اسکیمیں بھی متاثر ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ آبپاشی کو 10 ارب 32 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا جبکہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو3ارب43 کروڑ80 لاکھ روپے اور محکمہ تعلیم کو ایک ارب 44 کروڑ 90 لاکھ روپے جبکہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ کو21 کروڑ 70 لاکھ روپےکا نقصان پہنچا۔
خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں کے باعث اب تک ملک بھر میں 748 افراد جاں بحق اور 978 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 459 مرد، 11 خواتین اور 178 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 475 مرد، 243 خواتین اور 260 بچے شامل ہیں۔
اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ اب تک پنجاب میں 165، خیبر پختونخوا میں 446 اور سندھ میں 40 افراد جاں حق ہو چکے، اسی طرح گلگت بلتستان میں45، آزاد کشمیر میں 22 اور اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔
این ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ بارشوں اور سیلاب میں ملک بھر میں 990 مکان گرے اور 3 ہزار 898 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔