فلسطینی رہنما اور القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کے ایک مختصر پیغام کے فوراً بعد غزہ کے علاقے میں الزيتون میں القسام بریگیڈ نے مزاحمتی کارروائیاں کی، جس کے نتیجے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 4 لاپتہ ہوگئے۔
ابو عبیدہ نے خبردار کیا تھا کہ اسرائیل کا غزہ پر قبضے کا منصوبہ تل ابیب کی سیاسی اور عسکری قیادت کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا، انہوں نے کہا تھا کہ جنگی حالات سے فوجیوں کو پکڑنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ شہر کے زیتون محلے میں فلسطینی مزاحمتی گروپ اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپ میں کم از کم 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا نے یہ بھی رپورٹ کیا ہے غزہ میں حماس کے جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران چار اسرائیلی فوجی لاپتا ہوئے ہیں، حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی فوجیوں کو نائٹ وژن آلات کے ذریعے ٹریس کیا، جس کے نتیجے میں شدید جھڑپیں شروع ہوئیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے جنگجوؤں نے غزہ کے علاقے الزیتون میں اسرائیلی فوجی دستے کے خلاف آپریشن کیا اور گھات لگا کر حملے کیے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی 162 ویں ڈویژن اور 401 ویں بریگیڈ کے دستے الزيتون میں حملے کا شکار ہوئے جبکہ اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹر پر بھی فائرنگ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مزاحمتی حملوں کے جواب میں اسرائیلی جنگی طیارے کم بلندی پر پرواز کر رہے ہیں اور زیتون اور صبرا محلے کے ساتھ ساتھ جبالیہ میں بھی گولہ باری کی جا رہی ہے۔