وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد اور ان کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے تعاون جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے بیجنگ سے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کی جس دوران انہیں بتایا گیا کہ سیلابی ریلا 6 ستمبر کی دوپہر تک گڈو بیراج پہنچنے کا امکان ہے، این ڈی ایم اے سندھ حکومت کیساتھ مناسب انتظامات کیلئے مکمل تعاون کر رہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد اور محفوظ مقامات پرمنتقلی کیلئے تعاون جاری رکھیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ متاثرہ انفرا اسٹرکچرکی بحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتیں اور تمام ادارے مکمل تعاون کریں، پنجاب اور سندھ میں سیلابی صورتحال میں امدادی کارروائیوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت دیتے ہوئے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ نظام مواصلات اوربجلی ترسیل کے نظام ترجیحی بنیادوں پربحال کیا جائے اورلاپتا شہریوں کی تلاش جلد مکمل کی جائے۔


