- اسلام آباد:پاک بحریہ نے پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی آپریشن تیز کر دیا ہے۔ کشمور، گھوٹکی، سکھر اور شکار پور کے اضلاع میں سیلابی پانی میں گھرے افراد کے فوری انخلاء کے لیے پاک بحریہ نے جدید ہوور کرافٹس تعینات کیے ہیں جو زمین، پانی اور دلدلی علاقوں میں آپریشن کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اب تک پاک بحریہ نے ان اضلاع سے چار ہزار تین سو پینتیس متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ متاثرین کے انخلاء کے لیے جدید ہوورکرافٹس اور کشتیاں استعمال کی جا رہی ہیں تاکہ جلد اور مؤثر مدد پہنچائی جا سکے۔
- اسی دوران خیبر پختونخوا کے علاقوں سوات، بونیر اور شانگلا میں بھی پاک بحریہ نے میڈیکل کیمپس قائم کیے ہیں۔بحریہ کی جانب سے متاثرین کو طبی امداد، راشن اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پاک بحریہ کی امدادی ٹیمیں قصور، راجن پور، ڈیرہ اسماعیل خان، میرپور خاص، سکھر، سانگھڑ اور سجاول میں بھی ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاک بحریہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مشکل میں گھرے ہم وطنوں کی مدد کے لیے ہر وقت تیار اور پرعزم ہے۔
پاک بحریہ کا پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی آپریشن جاری
متعلقہ مضامین


