قیدیوں کے تبادلے کے پہلے مرحلے کے بعد حماس کے فوجی بازوالقسام نےایک بیان جاری کرکے اسرائیل کی اسٹریٹیجک فوجی شکست پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقاومتی محاذ نے پائیداری اور فداکاری سے کام لیا اور دشمن کومذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کردیا
ارنا کے مطابق حماس کے فوجی بازو القسام نے پیر کی صبح قیدیوں کے تبادلے کے پہلے قدم میں سات صیہونی جنگی قیدیوں کو ریڈکراس کے حوالے کرنے کے بعد ایک بیان صادر کیا ہے ۔
القسام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ سمجھوتہ ہماری قوم کی پائیداری اور مقاومت کرنے والوں کی استقامت کا نتیجہ ہے۔
القسام نے کہا ہے کہ ہم انجام پانے والے معاہدے اور اس کے طے کردہ ٹائم فریم کی پابندی کا اعلان کرتے ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ قابض حکومت بھی اس کی پابندی کرے۔
بیان میں کہا گيا ہے کہ دشمن انٹیلیجنس برتری اور زیادہ طاقتور ہونے کے باوجود فوجی طاقت کے ذریعے اپنے قیدیوں کو واپس لے جانے میں ناکام رہا اورقیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر مجبور ہوگیا۔
حماس کے فوجی بازو القسام نے کہا کہ قابض نازی صیہونی مہینوں پہلے اپنے ان قیدیوں کو زںدہ تحویل میں لے سکتا تھا لیکن ضد اور لیت و لعل سے کام لیا جس کے نتیجے میں اس کے دسیوں جنگی قیدی ہلاک ہوگئے ۔
القسام نے اپنے بیان میں فلسطینی قیدیوں کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ غزہ اور مقاومتی محاذ نے اپنے قیمتی ترین اثاثے قربان کردیئے اور پوری طاقت سے آپ کی زنجیریں توڑنے کی کوشش کی ۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ آپ کا مسئلہ بدستور ہماری ملی ترجیح میں رہے گا یہاں تک کہ آپ سب آزاد ہوجائيں ۔


