ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے عراق قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی سے ملاقات کے دوران تہران اور بغداد کے مابین فوجی، سیاسی اور معاشی تعلقات میں فروغ پر زور دیا۔
قاسم الاعرجی نے جو ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ تہران آئے ہوئے ہیں اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل موسوی سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس موقع پر میجر جنرل موسوی نے ایران اور عراق کے عوام کے گہرے تعلقات پر زور دیا اور کہا کہ امریکہ کو اس بھائی چارے اور باہمی محبت سے پریشانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ تہران اور بغداد کے گہرے تعلقات کے مثبت اثرات سے بخوبی آگاہ ہے۔
چیف آف اسٹاف موسوی نے عراق پر ناجائز قبضے کی امریکہ کی گھناؤنی سازش پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران پر صیہونی حکومت اور امریکہ کی جارحیت نہ ہوتی تو شائد عراق کی فضا پر امریکہ کے تسلط کے پیچھے واشنگٹن کی اصل نیت کا پردہ فاش نہ ہوتا۔
میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے اس موقع پر ایران اور عراق کے مابین جامع سیکورٹی معاہدے پر مکمل عملدرامد پر زور دیا۔
عراق کے قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی نے عراق کے عوام کے گہرے تعلقات پر ضرب لگانا ناممکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران اور بغداد فوجی، سیاسی اور معاشی شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے اور ایران کے سیکورٹی معاہدے پر عملدرامد کو یقینی بنائیں گے۔
قاسم الاعرجی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ ہمسایہ ممالک بالخصوص ایران کے خلاف عراق کی سرزمین کو استعمال کرے۔


