اتحاد و وحدت کیلئے کوششیں جاری رہنی چاہیں ،علامہ سید ساجدعلی نقوی
سوشل میڈیا و عوامی پلیٹ فارمز پر باہمی اختلافات سے گریز و اجتناب اور اخلاقی قدروں کی پاسداری انتہائی ضروری ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان
وقت کا اہم تقاضا ہے کہ علما و ذاکرین اتحاد و وحدت، احترام و رواداری، تحمل و برداشت اور ہم آواز ہو کر عزاداریِ سید الشہداکے فروغ میں موثر کردار ادا کریں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ موجودہ بین الاقوامی بالخصوص امت مسلمہ کو درپیش چیلنجوں کے پیشِ نظر، اتحاد و وحدت کیلئے کوششیں جاری رہنی چاہیں اور سوشل میڈیا و عوامی پلیٹ فارمز پر باہمی اختلافات سے گریز و اجتناب اور اخلاقی قدروں کی پاسداری انتہائی ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیعہ علما کونسل شمالی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ اشتیاق حسین کاظمی، صوبائی ڈپٹی جنرل سکٹریری ذاکر سید عمران حیدر بخاری(گڈو شاہ)، صوبائی سکٹریری اطلاعات مرید کاظم جعفری اور صوبائی معاون امید علی علوی سے ملاقات کے دوران کیا ۔ اس موقع پر شیعہ علما کونسل شمالی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ اشتیاق حسین کاظمی نے موجودہ حالات کے تناظر میں اتحاد بین المومنین، مذہبی و تنظیمی حوالوں سے قائد ملت جعفریہ پاکستان کو مفصل رپورٹ پیش کی جس پر علامہ ساجد نقوی نے وفد کی رہنمائی فرمائی۔ علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ وقت کا اہم تقاضا ہے کہ علما و ذاکرین اتحاد و وحدت، احترام و رواداری، تحمل و برداشت اور ہم آواز ہو کر عزاداریِ سید الشہدا، سیرت و اخلاق اہلبیت علیھم السلام کے فروغ و تحفظ کیلئے حسبِ سابق اپنا مثبت و موثر کردار ادا کریں۔قائد محترم نے صوبائی صدر و کابینہ کے ارکان کو ہدایت کی کہ ماحول و صورتحال کو سازگار بنانے کیلئے فوری طور پر مثبت، موثر و عملی اقدامات کریں۔
اتحاد و وحدت وقت کی اہم ترین ضرورت، علما و ذاکرین اختلافات سے اجتناب کریں: علامہ سید ساجد علی نقوی
متعلقہ مضامین


