سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ہفتہ دفاع مقدس کے آغاز کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنوں کو ہر طرح کی مہم جوئی کی جانب سے خبردار کیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب کے بیان میں آیا ہے کہ ایران پر مسلط کردہ 8 سالہ جنگ کے دوران، ایرانی عوام نے ایمان، اتحاد اور ایک الہی رہبر کے سائے میں ایران کی ارضی سالمیت پر وسیع دراندازی اور جارحیت کو شکست سے ہمکنار کیا اور ملک کی خودمختاری اور حدود کو پرشکوہ انداز میں محفوظ بنایا۔
اس بیان میں آیا ہے کہ جنگ بعد کے 37 سال میں بھی رہبر انقلاب اسلامی کی داعیانہ قیادت اور دفاع مقدس کے تجربے کے ساتھ ایران کی مسلح افواج نے خودکفالت کا راستہ اختیار کرتے ہوئے، فوجی میدان میں طاقت اور صلاحیت کا علم گاڑ دیا جس کا جلوہ 12 روزہ جنگ کے دوران بھرپور انداز میں دیکھا گیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ دشمنوں کی فوجی ترقی کے مقابلے میں مؤثر دفاع کی مسلسل تیاری کا سلسلہ جاری ہے اور ایرانی عوام کو اطمینان دلایا جاتا ہے کہ مسلح افواج، اپنی فوجی صلاحیتوں میں روز بروز اضافہ کرتے ہوئے ملک اور قوم کا ڈٹ کر دفاع کرتی رہیں گی۔
اس بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کسی بھی نئی مہم جوئی کا ارتکاب ہوا تو ایران کی مسلح افواج دشمنوں کو ایک بار پھر ایسا تباہ کن اور عبرت ناک جواب دیں گی کہ ان کی نیندیں اڑ جائیں گی۔
سپاہ پاسداران انقلاب نے صیہونی حکومت اور امریکہ کی مکار اور استکباری حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے مفادات، قومی سلامتی یا ارضی سالمیت پر آنچ آنے کی صورت میں انہیں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے دلیر سپاہیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔


