ہفتہ, دسمبر 6, 2025
ہومبین الاقوامیپاکستان سے ایران جانے والے زائرین کے لئے بڑی خبر

پاکستان سے ایران جانے والے زائرین کے لئے بڑی خبر

ایران ایئر نے پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ایئر لائن نے مشہد سے لاہور کے درمیان پرواز کے آغاز کا اعلان کردیا ہے۔

ایران ایئر لاہور کے لیے ہفتہ وار ایک پرواز آپریٹ کرے گی، پروازوں کا باقاعدہ آغاز 29 اکتوبر سے کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سیرین ایئر کو 2 ہفتے کیلئے مشروط فلائٹ آپریشن کی اجازت دیدی گئی، ایئرلائن جدہ سے مسافروں کو واپس لائے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ سیرین ایئر اجازت صرف جدہ میں پھنسے مسافروں کو وطن واپس لانے کیلئے دی گئی ہے، سیرین ایئر جدہ میں پھنسے طیارے کو بھی وطن لاسکے گی، سیرین ایئر کو ملک سے بیرون ملک فلائٹ آپریشن کی اجازت نہیں ہوگی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ریگولیٹری قوانین کی خلاف ورزی پر سیرین ایئر کا ایئر آپریٹرز سرٹیفکیٹ معطل کیا تھا۔

سی اے اے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ایک بھی قابل پرواز طیارہ نہ ہونے پر سیرین ایئر کا فضائی آپریشن معطل کیا گیا۔

ایوی ایشن نے سیرین ایئر کو ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ واپس کرنے کا حکم بھی دیا ہے اور کہا ہے کہ سیرین ایئر فضائی آپریشن کیلئے قواعدوضوابط میں عملدرآمد میں ناکام ہو چکی ہے۔

سیرین ایئر انتظامیہ کا موقف ہے کہ ہمارا ایک جہاز سعودی عرب میں پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے گراؤنڈ ہے سعودی عرب میں پھنسے مسافروں کو واپس لانے کی اجازت دی جائے۔

بذریعہ روڈ ایران اور عراق جانے والے پاکستانی زائرین کیلیے بڑی خبر

ایران، عراق جانے والے زائرین کیلیے چارٹر فلائٹس آپریٹرز کی خدمات لینے کا فیصلہ

بذریعہ روڈ ایران اور عراق جانے کے خواہش مند پاکستانی زائرین کیلیے سوشل ایوی ایشن اتھاڑی (سی اے اے) نے اہم فیصلہ کر لیا۔

سی اے اے نے ایران اور عراق جانے والے زائرین کی فضائی سہولت کیلیے چارٹر فلائٹس آپریٹرز کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں سی اے اے نے ائیر چارٹر لائسنس یافتہ آپریٹرز سے درخواستیں طلب کر لیں، مذہبی سیاحت سے متعلق فلائٹس کی منظوری میں پی سی سی اے اہم کردار ادا کرے گا

اس سے قبل وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے براستہ سڑک زائرین لے جانے پر پابندی لگائی ہے، حکومت نے انہیں سہولتیں دینے کی بھرپور کوششیں کی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ زائرین کی بذریعہ سڑک روانگی سکیورٹی کے پیش نظر پابندی لگائی گئی لیکن چارٹر ڈفلائٹ کی اجازت دے دی ہے، بذریعہ روڈ زائرین کی روانگی بہت بڑا رسک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت ایئر لائن کے ذریعے سہولت فراہم کر رہی ہے، ایوی ایشن وزارت دفاع کا حصہ ہے، زائرین کو ایران اور عراق کیلیے تمام ترسہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ 27 جولائی 2025 کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا تھا کہ زائرین کو اس سال سڑک کے ذریعے عراق و ایران جانے کی اجازت نہیں ہوگی، زیارت اربعین کیلیے فضائی سفر کی اجازت ہوگی۔

محسن نقوی نے بتایا تھا کہ فیصلہ وزارت خارجہ، بلوچستان حکومت اور سکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد کیا گیا، یہ مشکل فیصلہ عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا۔

متعلقہ مضامین
- Advertisment -
Google search engine

تازہ ترین