منگل, اگست 26, 2025
ہومپاکستانعدالتی امور میں بیرونی مداخلت پرجج کو 24گھنٹے میں شکایت درج کرانا...

عدالتی امور میں بیرونی مداخلت پرجج کو 24گھنٹے میں شکایت درج کرانا ہوگی: چیف جسٹس کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت  اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ  عدالتی امور میں بیرونی مداخلت پر متعلقہ جج کو 24 گھنٹےمیں شکایت درج کرانا ہوگی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز  اور   اٹارنی جنرل نے شرکت کی، اجلاس میں ایس او پیز کی منظوری بھی دے دی گئی۔

اجلاس میں انصاف کی فراہمی میں تیزی اور  اسے مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ  عدالتی امور  میں بیرونی مداخلت کی صورت میں جج کو 24 گھنٹے میں شکایت درج کرانا ہوگی، شکایت کرنے والے جج کے وقار کو ہر صورت میں ملحوظ رکھا جائے گا اور بیرونی مداخلت کی جج کی شکایت پر فیصلہ 14 روز  میں کیا جائے گا۔

کمرشل مقدمہ بازی کی حوصلہ شکنی کےلیے جسٹس شفیع صدیقی کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کردی گئی۔

اجلاس میں مختلف نوعیت کےکیسز کی تکمیل کےلیے ٹائم لائن بھی طےکر لی گئی جس کے تحت کرایہ داری اور  عائلی مقدمات 6 ماہ میں نمٹائے جائیں گے، قتل کےکیسز   زیادہ سے زیادہ 2 سال میں نمٹانا ہوں گے جبکہ جائیداد اور وراثت کےکیسز  12 ماہ میں نمٹائے جائیں گے۔

اسی کے ساتھ ساتھ جبری گمشدگی کےکیسز   میں زیر حراست شخص کو  24گھنٹے میں عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔

اعلامیےکے مطابق اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ اور  پشاور ہائی کورٹ کی ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹس کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ ہواکہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری پالیسی فورم کے قیام اور  ججز کی فلاح و بہبود کے لیے سفارشات تیار کی جائیں گی۔

اجلاس میں معلومات و شکایات کے ازالے کے لیے ہائی کورٹس اور ڈسٹرکٹ کورٹس میں فورمز قائم کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ اسپیشل کورٹس و ٹریبونلز کے ججز کی واپسی میں تاخیر کا معاملہ حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔

اعلامیےکے مطابق نیشنل جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی کا اگلا اجلاس 17 اکتوبر 2025 کو ہوگا۔

متعلقہ مضامین
- Advertisment -
Google search engine

تازہ ترین