کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کے باعث ملکی اوربین الاقوامی پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا۔
ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق جناح ٹرمینل سےآپریٹ ہونے والی اندرون ملک کی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں، اسی طرح قومی ائیرلائن کی کراچی سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے کراچی کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب کراچی سے اندرون ملک جانے والی پروازیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں، جناح ٹرمینل سے بین الاقوامی پروازیں بھی تاخیر سے آپریٹ ہوئیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نجی ائیرلائن کی کراچی سے جدہ کی پرواز7 گھنٹے سے زائد تاخیر کاشکار ہے،پرواز کی تاخیر کے باعث مسافروں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے، مسافروں کی اکثریت عمرہ زائرین پرمشتمل ہے۔
ذرائع کے مطابق بارشوں کے باعث مسافروں کی بہت کم تعداد ائیرپورٹ پہنچ سکی، حتیٰ کہ ائیرپورٹ پرتعینات پی اے اے اور ائیرلائنز عملے کی بڑی تعداد بھی ڈیوٹی پر نہ پہنچ سکی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ فلائٹ انکوائری کے فون نمبر نہیں لگ رہے جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔