جمعرات, اگست 21, 2025
ہومپاکستانکیلیفورنیا سینیٹ میں پاکستان سے متعلق تاریخی قرارداد منظور

کیلیفورنیا سینیٹ میں پاکستان سے متعلق تاریخی قرارداد منظور

کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا سینیٹ میں پاکستان سے متعلق تاریخی قرارداد منظور کرلی گئی ، جس میں امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی قربانیوں، وقار اور استقامت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سینیٹ نے پاک امریکا تعلقات اور ریاست کی معیشت، معاشرت اور ثقافت میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کے اعتراف میں تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

یہ قرارداد سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو نے پیش کی، جو کیلیفورنیا اسٹیٹ سینیٹ کی تاریخ میں کم عمر ترین خاتون رکن ہیں اور سینیٹ کمیٹی برائے زراعت کی چیئرپرسن بھی ہیں۔ قرارداد کو 31-0 ووٹوں کے ساتھ متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔

سینیٹر ہورٹاڈو نے سینیٹ فلور پر پاکستانی روایتی لباس اور مہندی لگا کر قرارداد پیش کی، جو پاکستان اور امریکا کے دوستانہ تعلقات کی ثقافتی علامت تھی۔

اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان اور امریکا کے دیرینہ و کثیرالجہتی تعلقات کو اجاگر کیا اور پاکستانی نژاد امریکی برادری کی معیشت، ثقافت اور سماج میں نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکیوں کی کہانی قربانی، وقار اور جدوجہد کی داستان ہے اور دونوں ملکوں کی شراکت داری لچک، جمہوریت اور انسانی وقار جیسی مشترکہ اقدار پر مبنی ہے۔

اس موقع پر پاکستان کے امریکا میں سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے، جنہیں سینیٹ نے خوش آمدید کہا۔ سینیٹر ہورٹاڈو نے ان کی خدمات اور قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاک-امریکا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

سفیر رضوان سعید شیخ نے قرارداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں اقوام کے درمیان گہرے عوامی روابط اور مشترکہ اقدار کی عکاسی کرتا ہے جو رسمی سفارتکاری سے بڑھ کر کمیونٹیز تک پھیلا ہوا ہے۔

کیلیفورنیا، جو دنیا کی چوتھی بڑی معیشت ہے اور ’’گولڈن اسٹیٹ‘‘ کے نام سے مشہور ہے، ایک بڑی اور فعال پاکستانی نژاد امریکی برادری کا مسکن ہے جو ریاست کی ثقافتی اور معاشی ترقی میں مسلسل اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

متعلقہ مضامین
- Advertisment -
Google search engine

تازہ ترین