منگل, اگست 26, 2025
ہومپاکستانوزیراعظم کی سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کیلئے فوری اقدامات...

وزیراعظم کی سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم نے دریائے ستلج سے متاثرہ صوبہء پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں ریسکیو آپریشنز تیز تر کرنے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کے انخلا اور انہیں محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے احکامات جاری کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اور نگرانی تیز کی جائے، متاثرہ افراد کو خوراک، ادویات اور خیموں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو پنجاب کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے مکمل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورت حال ہے جو سنگین سے سنگین تر ہوتی جا رہی ہے، ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، مال مویشی کا نقصان ہوا ہے، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

راوی، چناب اور ستلج میں اونچے سے اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا جا چکا ہے۔ 

این ڈی ایم اے کے مطابق بہاولنگر سے 89 ہزار868 افراد جبکہ قصور سے 14 ہزار140 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، اوکاڑہ سے 2 ہزار سے زائد افراد جبکہ بہاولپور، وہاڑی اور پاکپتن سے بھی سینکڑوں افراد کا انخلا کیا جا چکا ہے۔

سیلاب کا الرٹ جاری ہونے پر تقریبا 40 ہزار افراد پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے صوبے میں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، جن اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کیا گیا ہے ان میں لاہور، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، لودھراں، بہاولپور، ملتان اور مظفرگڑھ شامل ہیں۔

دوسری طرف پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات خطرناک ہیں اور اگلے سال اس کی شدت 22 فیصد زیادہ ہو سکتی ہے۔

متعلقہ مضامین
- Advertisment -
Google search engine

تازہ ترین