بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہےکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں چین پاکستان کی حمایت حمایت کرتا ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے 25 ویں اجلاس میں شرکت کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف پیر کو بلٹ ٹرین کے ذریعے تیانجن سے چینی دارالحکومت بیجنگ پہنچے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
چینی دارالحکومت بیجنگ میں قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف فاشزم کے خلاف عالمی جنگ کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں شہباز شریف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر چینی صدر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں چین پاکستان کی حمایت حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے پاکستان چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانےکے لیےمؤثر اقدامات کرےگا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں جامع مذاکرات کی نگرانی کے لیے چین کو دعوت دے دی۔
ایس سی او اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں جامع مذاکرات چین اپنی سربراہی میں کرائے تاکہ ہم ان مذاکرات کے ثمرات جلد حاصل کرسکیں۔
اس سے قبل وزیراعظم نے بھارتی دہشتگردی کاپردہ بھی چاک کیا تھا۔