ہفتہ, دسمبر 6, 2025
ہومقائد کے مواقفانسانیت ماضی کی نسبت اب زیادہ سخت اور سنگین ترین غلامی کا...

انسانیت ماضی کی نسبت اب زیادہ سخت اور سنگین ترین غلامی کا شکار ہے ، قائد ملت جعفریہ پاکستان

راولپنڈی /اسلام آباد 01 دسمبر2025ء : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں انسانیت ماضی کی نسبت اب زیادہ سخت اور سنگین ترین غلامی کا شکار ہے ، انسان کو آزاد پیدا کیاگیا مگر ہر دور میں اسے ایک نئے انداز میں غلامی کا سامنا کرنا پڑا، فرد کی غلامی کی جگہ اب قوموں اور ریاستوں کی غلامی نے لی جو کہیں زیادہ سخت ہے۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے 2دسمبر غلامی کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ آج عالمی سرمایہ داری نظام، کیپٹل ازم اور اس جیسے دوسرے بظاہر خوبصورت نعروں نے نہ صرف افراد بلکہ معاشروں، قوموں اور ریاستوں کو غلامی کی ایسی زنجیروں میں جکڑ رکھا ہے جس سے چھٹکارا مشکل ترین ہوتا جارہاہے۔

آج کے دور میں انسانیت مختلف قسم کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہیں جن میں معاشی، معاشرتی (تہذیبی ) اور سیاسی غلامی ہیں ،عالمی مالیاتی اداروں نے مختلف قوموں اور ریاستوں کو جکڑا ہوا ہے،اقتصادی پابندیوں کے جال اور آئے ر وزننگی جارحیت کے ذریعے انسانیت کی تذلیل اور ان کی زمینوں کو انہی پر تنگ کردیا جاتاہے۔

دوسری جانب سنگین ترین و خطرناک تہذیبی غلامی ہے جس نے انسان کے شعور پر حملہ کرکے اور غیر فطری تہذیب کو مسلط کرکے اس سے سوچنے اور جینے کا حق تک چھین لیاہے ۔

تیسری جانب سامراجی طاقتیں اپنی سیاسی چالوں کے ذریعے قوموں پر مسلط ہیں ان سب پہلوں کی لا تعداد مثالیں پیش کی جاسکتی ہیں ایک روشن مثال فلسطین اور غز ہ ہے جہاں سامراجیت اور غلامی اپنی آخری حدوں سے تجاوز کر چکی ہے ۔ جب تک دنیا میں مساوی انسانی حقوق کی پاسداری نہیں ہوگی، بین الاقوامی چارٹرز جو صرف بیانات کی حد تک ہیں ان پر عمل پیرا نہیں ہوا جائیگا اس وقت تک انسانیت کوغلامی سے نجات ملنا ممکن نہیں ہوگا۔

متعلقہ مضامین
- Advertisment -
Google search engine

تازہ ترین