قرآن مجید رشدو ہدایت کے ساتھ راہِ نجات بھی ہے ، علامہ ساجد نقوی
قرآن مجید کی طرف حقیقی معنوں میں رجوع کریں، کوئی وجہ نہیں کہ تمام مسائل و مشکلات کا خاتمہ ممکن نہ ہو،قائد ملت جعفریہ
کتاب الہی ہر دور کے انسانوں اور بالخصوص مسلمانوں کے مسائل کی گتھیاں سلجھانے کے تمام تر نسخے اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں
راولپنڈی/ اسلام آباد13 مارچ 2026 ء : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ قرآن مجید رشدو ہدایت کے ساتھ راہِ نجات بھی ہے۔قرآن ایک حقیت واقعیہ ہے جو تمام حقائق سے مافوق ہے ، قرآن مجید کی طرف حقیقی معنوں میں رجوع کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ تمام مسائل و مشکلات کا خاتمہ ممکن نہ ہو،کتاب الہی ہر دور کے انسانوں اور بالخصوص مسلمانوں کے مسائل کی گتھیاں سلجھانے کے تمام تر نسخے اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔علامہ ساجد نقوی نے کہاکہ( 23 تا 29 رمضان المبارک) ہفتہ نزول قرآن منایا جاتا ہے جسمیں درج ذیل موضوعات پر روشنی ڈالی جاتی ہے اوراستفادہ حاصل کیاجاتاہے ٭نزول قرآن بارے معلومات٭تلاوت کلام پاک کی فضیلت ٭ قرآن شناسی قرآن فہمی کی اہمیت ٭قرآن کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ٭ قرآنی حکام کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنا اور معاشرے میں رائج کرنا ۔ انہوںنے مزید کہاکہ جونہی ہم نے کلام خدا کی جانب خضوع و خشوع کے ساتھ رغبت کی اور اس کے مفاہیم و معانی کو اپنے قلب و روح میں جگہ دی تو تمام تر مصائب و مشکلات کا خاتمہ ہوجائے گا۔قائد ملت جعفریہ نے کہا کہ بارگاہ خداوندی میں اپنے گناہوں کی بخشش اور کلام خداوندی کے ساتھ اپنا تمسک کرکے دعا و مناجات کے ذریعے اپنی کوتاہیوں کے ازالے کا رمضان المبارک سے بہتر اور کوئی موقع نہیں ۔آخر میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ آج بھی اگرامت مسلمہ اپنی زبوں حالی کے خاتمے او راپنی فکر کو جلا بخشنے کے لئے قرآن مجید کی طرف حقیقی معنوں میں رجوع کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ اس کے تمام مسائل و مشکلات کا خاتمہ نہ ہوسکے۔


