حیدر آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے حکومت سے نیا نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ جاری کرنے کامطالبہ کردیا۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پہلی بار حیدرآباد کو تیزی سے ترقی کرتے دیکھ رہاہوں، رنگ روڈ سمیت مختلف منصوبے جاری ہیں جب کہ حیدر آباد میں ائیرپورٹ بھی ہونا چاہیے، وزیراعظم کو کہوں گا کہ یہ تحفہ حیدر آباد کو دیں۔
انہوں نے کہا کہ26 ویں ترمیم پر تاریخی کامیابی کسی مخصوص دورکے لیے نہیں بلکہ دائمی ہے، 27 ویں ترمیم ہوائی بات ہے، آپ سے ہی سن رہا ہوں، حکومت کی جانب سے اب تک ہم سے 27 ویں ترمیم کے لیے رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت سے فوری طور پر نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) کا اجلاس بلا کر نیا این ایف سی ایوارڈ جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صوبائی حکومتوں کو ذمہ داریاں دلوا دیں لیکن این ایف سی ایوارڈ وہی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اپنی ناکامیوں کا بوجھ صوبوں پر نہ ڈالے، ایف بی آر کی ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکامی میں صوبوں کا کوئی قصور نہیں، یہ وفاقی حکومت اور ایف بی آر کو چلانے والوں کی ناکامی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 18 ویں ترمیم سے صوبوں کو جو ذمہ داریاں منتقل ہوئی ہیں ان کے وسائل بھی صوبوں کو دیے جائیں۔