(15 اگست 2025): ملک بھر میں میں حضرت محمد ﷺ کے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کا چہلم روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر سے علم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوں گے، نوحہ خوانی اور ماتم برپا کرکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
کراچی میں چہلم شہدائے کربلا چہلم امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوگا، چہلم کے لیے کراچی میں سیکیورٹی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، ایم اے جناح روڈ جلوس کے راستوں کے اطراف کی سڑکیں اور گلیاں کنٹینرز رکھ کر بند کردی گئی ہیں۔
کراچی میں جلوس کے روٹ پر مارکیٹوں کو بم ڈسپوزل یونٹ نے سرچنگ کے بعد سیل کردیا، چہلم شہدائے کربلا چہلم امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔
پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جلوس کی سیکیورٹی کیلئے 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیےگئے ہیں، شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ جلوس کے روٹ پر موبائل فون سروس جزوی معطل ہوگی۔
لاہور میں چہلم امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ دہلی دروازہ سے برآمد ہوگا جبکہ جلوس روایتی راستوں سے ہو کر کربلا گامے شاہ پر اختتام پزیر ہو گا۔
پنجاب میں 382 جلوسوں اور مجالس کے لیے 30 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے لیے لاہور پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے۔
چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر لاہور پولیس کے 5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں، 40 مجالس اور 12 عزاداری جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں جبکہ 12ایس پیز کی نگرانی میں 400 سے زائد اپر سب آرڈینیٹس بھی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔
پشاور میں چہلم امام حسین چہلم امام حسین علیہ السلام کے سلسلے میں آج 2 جلوس ذوالجناح برآمد ہوں گے، جلوسوں کے لیے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔
پہلا جلوس امام بارگاہ آخوندآباد سے سہ پہر 3 بجے برآمد ہوگا جبکہ دوسرا جلوس جامع مسجد کوچہ رسالدار سے 3 بجے برآمد ہوگا اور امام بارگاہ علمدار کربلا میں مجلس 12 بجے برپا کی جائے گی۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔