- خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی صورت حال پر قابو پانے کے لیے وزیرِاعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے چیئرمین نے متاثرہ علاقوں میں نقصانات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
- اجلاس میں وزیرِاعظم نے NDMA کو ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مکمل تعاون برقرار رکھا جائے اور ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کے لیے تمام دستیاب وسائل فوری طور پر بروئے کار لائے جائیں۔
- وزیرِاعظم نے یہ بھی کہا کہ خیبرپختونخوا کے لیے امدادی سامان فوری طور پر ٹرکوں کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر روانہ کیا جائے تاکہ متاثرین کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
- انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیلاب میں پھنسے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔
- واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ ڈپٹی کمشنر بونیر کے مطابق صرف بونیر میں 78 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 194 تک پہنچ چکی ہے۔ صوبائی حکومت نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے طور پر کل صوبے بھر میں یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
بارشوں اور سیلابی تباہی پر وزیراعظم کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس، امدادی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت
متعلقہ مضامین