غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو شمالی غزہ میں اسرائیلی ٹینکوں نے گولہ باری اور جنوبی اور وسطی حصوں میں بھی بمباری کی۔
ان حملوں کے نتیجے میں اتوار کی صبح سے اب تک مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جن میں امداد کے متلاشی 24 افراد بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بھوک کی شدت سے بھی مزید 8 فلسطینی انتقال کر گئے۔ جس کے بعد غذائی قلت سے اموات 115 بچوں سمیت 289 ہوگئیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 62 ہزار 600 سے زائد ہوگئی جبکہ ایک لاکھ57 ہزارسے زائدافراد زخمی ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ میں 14 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
ادھر فلسطینی ریاست کی حمایت پر اسرائیل نے فرانس اور دیگر یورپی ممالک کو وارننگ دی ہے۔اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپ کو اسرائیل اور حماس میں سے کسی ایک کو چُننا ہوگا۔