مسئلہ کشمیر ہی برصغیر میں بدامنی کی اساس، کشمیری مظلوموں کو حق خود ارادیت ملنے تک امن نہیں ہوگا، علامہ سید ساجد علی نقوی
کشمیر و فلسطین کے چپے چپے پر ظلم کی داستانیں،صہیونی و ہندوتوا سوچ ایک سکے کے دورخ، قائد ملت جعفریہ پاکستان
عالمی ماحولیاتی استحصال کا دن منانے والے براہ راست انسانی استحصال کا دن منائیں،یوم شہدائے جمو ں و بین الاقوامی دن پر پیغام
اسلام آباد 06 نومبر2025ء: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر ہی برصغیر میں بدامنی کی اساس، تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، جب تک کشمیری مظلوموں کو حق خود ارادیت نہیں ملے گا امن قائم نہیں ہوگا، کشمیر و فلسطین کے چپے چپے پر ظلم کی داستانیں رقم ہیں، صہیونی و ہندوتواسوچ ایک ہی سکے کے دورخ ہیں، عالمی ماحولیاتی استحصال کا دن منانے والے براہ راست انسانی استحصال کا دن منائیں
ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے یوم شہدائے جموں 06نومبر1947ءکی یاد (جب مہاراجہ ہری سنگھ، بھارتی فوج اور آرایس ایس نے ظلم کی تاریک رات طاری کی)پر پیغام، ’جنگوں اور مسلح تصادم میں ماحولیات کے استحصال کے خاتمے ‘ کے یوم اور نیویارک میئر انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ 27 اکتوبر 1947ءکو بھارتی افواج غیر آئینی طور پر قابض ہوئیں اور چھ نومبر 1947ءکو کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے گئے مگر آج بھی کشمیری عوام اپنے حق خود اردیت کےلئے طرح طرح کے مظالم کے باوجود ڈٹ کر کھڑے ہیں ، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ برصغیر میں بدامنی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر ہے جب تک کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا امن قائم نہیں ہوسکے گا۔ انہوںنے جنگوں، مسلح تصادم میں ماحولیات کے استحصال کے دن پر کہاکہ فلسطین میں یکطرفہ جنگ کے سبب انسانیت کا استحصال ہوگیا، جگہ جگہ وہ ظلم کی داستانیں رقم ہوئیں جن کی مثال نہیں ملتی، آج جو صورتحال سوڈان میں ہے وہ بھی انتہائی کربناک ہے ، اقوام متحدہ اب عالمی ماحولیاتی استحصال کی بجائے براہ راست انسانی استحصال کا دن منائے کیونکہ عملاً اقوام متحدہ مذمتی بیانات و قراردادوں سے آگے نہیں بڑھ سکا ۔


