منگل, فروری 10, 2026
ہومتنظیمیشیعہ علما کونسل کا سانحہ ترلائی اسلام آباد کیخلاف بروز جمعہ ملک...

شیعہ علما کونسل کا سانحہ ترلائی اسلام آباد کیخلاف بروز جمعہ ملک گیر احتجاج کا اعلان

شیعہ علما کونسل کا سانحہ ترلائی اسلام آباد کیخلاف بروز جمعہ ملک گیر احتجاج کا اعلان
حکومت سے سانحہ کی شفاف تحقیقات کر کے واقعے میں ملوث ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ
پاکستان کے عوام یکجا ہو کر جمعہ کو یوم احتجاج میں ظلم کیخلاف صدائے احتجاج بلند کر کے ثابت کر دیں کہ پاکستان میں اُمت مسلمہ یکجا ہے ، علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی
راولپنڈی /اسلام آباد 9 فروری 2026ء : شیعہ علما کونسل پاکستان نے سانحہ جامعہ مسجد خدیجتہ الکبری ترلائی اسلام آباد میں خود کش دھماکے کیخلاف بروز جمعہ 13فروری 2026ء کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں بعد از نماز جمعہ احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جبکہ حکومت سے سانحہ کی شفاف تحقیقات کر کے واقعے میں ملوث ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سانحہ ترلائی کو دشمنانِ اسلام کی کارستانی قرار دیا جو ان کارروائیوں سے وطن عزیز پاکستان میں اتحاد امت کو پارہ پارہ کر کے مملکت خداداد کو ایک بار پھر فرقہ واریت کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام یکجا ہو کر جمعہ کو یوم احتجاج میں ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کر کے ثابت کر دے کہ پاکستان میں امت مسلمہ یکجاہے اور مٹھی بھر شر پسند دہشت گرد اور ان کے سہولت کار اس اتحاد امت کو پارہ پارہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں دہشت گردی نے دو بارہ سر اٹھایا ہے جس کے محرکات میں دشمنانِ ملک وملت کے سہولت کاروں کی جانب سے تکفیری پست ذہنیت کے ذریعے فرقہ واریت کو ہوا دینا ہے لیکن حکومت اور انتظامیہ ایسے واقعات کو خاموش تماشائی بنی دیکھ رہی جو کہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے سانحہ جامع مسجد خدیجتہ الکبری کے واقعے کو اسی مذموم کوشش کی کڑی قرار دیتے ہوئے اس سانحہ میں جانی ضیاع کو حکومت کا اپنے شہریوں اور نمازیوں کو دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تحفظ دینے میں ناکامی قرار دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کروار کر واقعے کے محرکات اور اس میں ملوث مجرموں کو بے نقاب کرے اور مجرموں سمیت تمام سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سوگوار خانواد وں سے دلی ہمدردی وتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور ز خمیوں کوجدید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ مضامین
- Advertisment -
Google search engine

تازہ ترین