منگل, مارچ 10, 2026
ہومقائد کے مواقفصوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان...

صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی وفد کے ہمراہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے ملاقات


علامہ سیدساجد علی نقوی سے خواجہ سلمان رفیق کی ملاقات ، رہبر معظم کی شہادت پر اظہار تعزیت
شہید سید علی خامنہ ای عالم اسلام ایک عظیم نڈر شخصیت اورفلسطینیوں ، غزہ اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی توانا آواز تھے، صوبائی وزیر پنجاب
ملک فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہمار ا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے اور ملک میں امن و امان برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، علامہ ساجد نقوی
راولپنڈی /اسلام آباد 8مارچ 2026ء : وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے وفد کے ہمراہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی اور رہبرِ معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای (قدس سرہ)کی شہادت پر اظہارِ تعزیت و تسلیت پیش کی اور شہدا ء کے بلندی درجات کے لئے خصوصی دعا کی ۔ صوبائی وزیر پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ رہبر معظم شہید سید علی خامنہ ای عالم اسلام ایک عظیم نڈر شخصیت اورفلسطینیوں ، غزہ اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی توانا آواز تھے۔ رہبر معظم کی شہادت سے ہونے والا نقصان پورا نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ یہ اتنا بڑا سانحہ ہے جس میں معصوم طالبات کی شہادتیں ہوئیں اور تمام سول سوسائٹی متاثر ہورہی ہے ، پنجاب حکومت بھی ان شہادتوں پر رنجیدہ اور غمگین ہے ہم عوام کے جذبات کی قدر کرتے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کا مزید کہنا تھا کہ یوم علی اور یوم القدس کے موقع پر پنجاب بھر میں حفاظت کے فل پروف انتظامات مکمل ہیں اس موقع پر اتحاد و یکجہتی کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام مسالک کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس موقع پر تمام مسالک امن و امان برقرار رکھنے کیلئے مثبت کرادار ادا کریں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن اور ہدایت ہے کہ تمام مسالک کے مابین قومی و ملی یک جہتی اتحاد و یگانگت کی فضا برقرار رہے اور اتحاد و وحدت اور زیادہ مضبوط ہو ۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی سے کہا کہ آپ نے ہمیشہ اتحاد و حدت کی بات کی ہے جس سے تمام مسالک میں مثبت میسج جاتا ہے جس پر علامہ ساجدنقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں تمام مسالک میں ہم آہنگی ہے ملک میں فرقہ واریت نہیں ہے کچھ گروہ ہیں جو ملک کا امن تباہ اور حالات کو خراب کرنے میں ملوث ہیں، ان گروہ کو کنٹرول رکھنے کی ضرورت ہے،علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ ہم نے دو ماہ قبل اجلاس بلایا تھا جس میں 30مسالک کے جماعتوں کے سربراہان نے شرکت کی تھی ،ملی یکجہتی کونسل میں بھی سب شریک ہیں ،ملک فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہمار ا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے اور ملک میں امن و امان برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ،ہمارا تعاون جاری رہے گا۔آخر میں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے تعزیت کیلئے آیا ہوں ،رہبر معظم شہید سید علی خامنہ ای کی شہادت پر پورا ملک سوگوار ہے اس سلسلے میں پورے پنجاب میں احتجاج ہونے تھے او ر اس موقع پر پنجاب حکومت نے بڑی حکمت عملی کیساتھ تحمل کے ساتھ سارے معاملات کو سمیٹا اور افطاری کا بھی انتظام کیا گیا،اب آئندہ دو بڑے اہم پروگرامز ہیں ایک یوم علی اور دوسرا یو م القدس کا ،پنجاب بھر میں ساری ایڈ منسٹریشن علماء کرام کیساتھ رابطے میں ہے ۔ افغانستان کی صورتحال پر یہ کہنا چاہوں گا کہ ہماری پاک افواج دہشتگردی کے خاتمے اور پاکستان کی بقا کیلئے کام کر رہی ہے،ہماری فوج، پولیس ، ہوم ڈیبارٹمنٹ سمیت تمام قانون نافذ کرنیوالے ادارے چوکس ہیں اور اس بات کیلئے کوشاں ہیں کہ وہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کریں ۔ میں اپیل کرنا چاہوں گا کہ اس وقت ملک میں جذباتیت بھی ہے سوگ بھی ہے ،ماتم بھی ہے لیکن پاکستان پہلے ہے ۔حب الوطنی کا تقاضا بھی یہی ہے کہ اگر ہم اپنے جذبات کا اظہار بھی کریں تو تحمل اور بردباری سے کریں ،یوم علی کے موقع پر پنجاب حکومت نے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل ہیں ان حالات میں تمام مسالک اور شہریوں سے گذارش ہے کہ وہ انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں تاکہ بہتر انتظامات کو ممکن بنایا جاسکے۔ ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے بڑی ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں جس کے باعث عوام اپنی زندگی امن و امان سے گذار رہے ہیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب خود ایپکس اجلاس کی صدارت کر رہی ہیں اور پنجاب کے تمام بارڈر کو مزید مضبوط کیا جارہا ہے جو بھی دنیا کے جدید ترین آلات ہیں سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کی جارہی ہیں اس لئے کہ ہمارے لئے ایک شہری اور ایک پولیس اہلکار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی زندگی بڑی اہم ہے انہوں نے کہا کہ ہماری افغانستان کی صورتحال پر گہری نظر ہے اور دہشتگردی کا بھر پور مقابلہ کیا جائیگا۔

متعلقہ مضامین
- Advertisment -
Google search engine

تازہ ترین