قم (ایران): قائد ملت جعفریہ پاکستان، نمائندۂ ولی فقیہ حضرت آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے رئیس حجۃ الاسلام والمسلمین آقائی علی عباسی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات کے آغاز پر آقائی علی عباسی اور جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے دیگر معزز رفقاء نے قائد ملت جعفریہ پاکستان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کی علمی، دینی اور قومی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر دونوں شخصیات کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف دینی، علمی، تعلیمی اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ ملاقات کے دوران جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء کی تعلیمی، رہائشی اور انتظامی ضروریات سمیت مختلف مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔
قم المقدسہ میں قائد ملت جعفریہ پاکستان کے دفتر کے رفقاء نے جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ میں زیر تعلیم طلباء کو درپیش مختلف امور اور مسائل کے حوالے سے قائد ملت جعفریہ کو تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ان مسائل کے ممکنہ حل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔



