قائد ملت جعفریہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات میں شامل، دی مسلم 500 کے 2027ء ایڈیشن میں نام شامل
اردن کے عالمی شہرت یافتہ تحقیقی ادارے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی سالانہ اشاعت میں قائد ملت جعفریہ کی مذہبی، علمی، سماجی اور سیاسی خدمات کا اعتراف
اسلام آباد: قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کو دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اردن کے دارالحکومت عمان میں قائم بین الاقوامی تحقیقی ادارے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر (Royal Islamic Strategic Studies Centre) کی سالانہ عالمی اشاعت The Muslim 500: The World’s 500 Most Influential Muslims کے 2027ء ایڈیشن میں ان کا نام شامل کیا گیا ہے۔
اس عالمی اشاعت میں آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی دینی، علمی، سماجی اور سیاسی خدمات کا تعارف پیش کیا گیا ہے۔ انہیں پاکستان کی ایک اہم مذہبی و دینی شخصیت کے طور پر متعارف کراتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سرپرستِ اعلیٰ اور اسلامی تحریک پاکستان کے بانی و قائد کی حیثیت سے ان کی خدمات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
آیت اللہ سید ساجد علی نقوی 1988ء سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سرپرستِ اعلیٰ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے طویل عرصے سے دینی، ملی، قومی اور سماجی شعبوں میں اپنا مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ قومی سطح پر اتحاد و وحدت، بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری، آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ اور قومی و ملی مسائل کے حل کے لیے ان کی جدوجہد نمایاں اہمیت رکھتی ہے۔
The Muslim 500 دنیا بھر کی بااثر مسلم شخصیات کی خدمات اور اثرات کو اجاگر کرنے والی ایک سالانہ اشاعت ہے، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی ممتاز مذہبی، علمی، سیاسی، سماجی اور فکری شخصیات کو شامل کیا جاتا ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی اس عالمی اشاعت میں شمولیت ان کی طویل دینی، علمی، قومی اور ملی جدوجہد کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف ہے۔


