قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی وفد کی ملاقات، دورۂ عراق، ملکی صورتحال اور 2027ء کے تنظیمی و فلاحی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال
قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر قائد محترم نے زیارتِ مقدسہ سے واپسی پر مرکزی سیکرٹری جنرل کو مبارکباد پیش کی۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے قائد محترم کو دورۂ عراق کے دوران ہونے والی اہم ملاقاتوں، مختلف پروگراموں اور سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی سرگرمیوں، ملکی سیاسی، مذہبی و تنظیمی صورتحال اور ملک بھر میں جاری فلاحی منصوبوں کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
قائد محترم نے مرکزی سیکرٹری جنرل اور ان کی ٹیم کی جانب سے انجام دی جانے والی کاوشوں اور اقدامات کو سراہا، جبکہ سال 2027ء کے لیے زہرا اکیڈمی پاکستان کے فلاحی منصوبوں سمیت مختلف سیاسی، ملی اور تنظیمی امور کے حوالے سے رہنمائی فرمائی۔
ملاقات کے دوران مرکزی وفد نے مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی اعلیٰ اللہ مقامہ کی رحلت پر قائد ملت جعفریہ پاکستان سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔


