تہران : ایران کے وزیر تجارت، کان کنی اور صنعت سید محمد اتابک اور تجارت میں فروغ کے ادارے TPO کے سربراہ محمد علی دہقان دہنوی نے جو یوریشین اقتصادی تنظیم کے اجلاس کے سلسلے میں کرغیزستان کے دورے پر ہیں، روس کے وزیر برائے یوریشین تجارت آندرے سلیپنوف سے ملاقات اور گفتگو کی۔
اس موقع پر دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات میں فروغ پر مبنی اپنے ملکوں کے منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں اور اہم شعبوں میں تعاون میں فروغ نیز باہمی تجارت کے حجم میں اضافے پر زور دیا۔
سید محمد اتابک اور آندرے سلیپنوف نے یوریشین اکانامک یونین اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مابین آزاد تجارت کے معاہدے کے مثبت نتائج اور گنجائشوں کا بھی جائزہ لیا۔
ایران کے ٹی پی او کے سربراہ نے اس موقع پر ایران اور یوریشین اقتصادی یونین کے مابین تعلقات میں وسعت لانے کی راہوں پر غور کیا۔
قابل ذکر ہے کہ اس وقت ایران مذکورہ اقتصادی تنظیم کا مبصر رکن ہے تاہم مستقل رکنیت کے لیے تہران کی کوششیں جاری ہیں جس کے نتیجے میں ایران کے علاوہ علاقائی تجارت اور اقتصاد کو فروغ حاصل ہوگا۔