صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے امیر قطر سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران دوحہ میں اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
منگل کی شب قطر کے امیر "شیخ تمیم بن حمد آل ثانی” کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے صیہونی حکومت کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور اس دوست اور برادر ملک قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران قطر میں اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور اپنے قریبی دوست ملک کی حمایت کے لیے جو بھی ضروری ہوا انجام دے گا۔
صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ صیہونی حکومت نے پورے خطے کی سلامتی، استحکام اور امن کو تہہ و بالا کر دیا ہے اور وہ کسی بھی جرم کے ارتکاب سے گریز نہیں کر رہی۔
انہوں نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ متفقہ موقف اختیار کریں اور صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت میں صرف بیانات پر اکتفا کرنے کے بجائے ٹھوس اور عملی اقدامات عمل میں لائیں۔
قطر کے امیر نے صدر ایران کی فون کال شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے ملک پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کے موقف کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مجرم نیتن یاہو اپنے جرائم کے لیے کسی حد کا قائل نہیں اور بدقسمتی سے، وہ جہاں چاہتا ہے حملہ کرتا ہے اور اسے کوئی روکنے والا نہیں۔


