نیویارک : اسلامی جمہوریہ ایران اور فرانس کے صدور نے کہا ہے کہ ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کا مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل ہونا چاہئے۔
ارنا کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایران اور فرانس کے صدور نے ایک دوسرے سے ملاقات میں باہمی روابط اور اہم ترین عالمی مسائل پر گفتگو کی۔
ایران اور فرانس کے صدور، ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور امانوئل میکرون نے اس ملاقات میں امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان پائے جانے والے اختلافات دور ہوجائیں گے اور باہمی روابط اور تعاون کے فروغ کی راہیں ہموار ہوں گی۔
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس ملاقات میں کہا کہ ایران ایٹم بم ہرگز نہیں بنانا چاہتا اور اس سلسلے میں قابل قبول دائرہ کار میں یورپی فریقوں سے مذاکرات کے لئے تیار ہے۔
فرانس کے صدر امانوئل میکرون نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ وہ تہران اور پیرس کے روابط سے متعلق مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ وہ مشرق وسطی میں جنگ کی روک تھام اور امن و ثبات کی حفاظت چاہتے ہیں۔
امانوئل میکرون نے ایٹمی مسئلے کے حل کے تعلق سے فرانس کی کوششوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کا ملک حالات بدتر ہونے کی روک تھام کی کوشش کے لئے تیار ہے۔


