وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب شرح سود میں مزید کمی اور بجلی سستی ہونے کا اشارہ دیا ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا اقتصادی میدان میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف عالمی مالیاتی ادارے بھی کر رہے ہیں، ایک تیسری عالمی ریٹنگ بھی پاکستان کی معاشی کامیابیوں کا اعلان کرے گی۔
سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا گزشتہ ڈیڑھ سال میں معیشت مستحکم ہوئی ہے، پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی لائی گئی ہے اور اس میں مزید کمی کی گنجائش بھی ہے، شرح سود میں جلد مزید کمی کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
ان کہنا تھا مانتا ہوں ایس ایم ای سیکٹر کو جاری قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا، قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ایک بڑا اضافہ ہے لیکن جیسے جیسے قرضوں کی ادائیگی ہو گی یہ صورتحال بہتر ہوگی، ریاستی ملکی اداروں کی نجکاری کا عمل تیزی سے جاری رہے گا جبکہ حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار زرعی آمدنی کو بھی ٹیکس نظام کا حصہ بنایا گیا ہے، ٹیکس کے نظام کو ہم نے ٹھیک کرنا ہے، ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے سوا ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں ہے، جتنی مالیاتی اسپیس میسر تھی اس کے مطابق تنخواہ داروں کو ریلیف دے چکے، تنخواہ دار طبقے پر مزید ٹیکس نہیں ڈال سکتے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے انڈیکیٹرز واضح بہتری کے اشارے دے رہے ہیں، آئی ایم ایف سے معاہدوں کا ہدف معاشی ترقی ہے، اس سال کے آخر میں پانڈا بانڈ جاری کر رہے ہیں، چین سے بھی ہم معاہدے کر رہے ہیں، دو دن پہلے گیلپ کے سروے میں کاروباری برادری کا اعتماد بڑھ رہا ہے، آنے والے دنوں میں مزید بہتری کی امید ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا ہماری کوشش ہے کاروباری لوگوں کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی ہو، پرائیویٹ سیکٹر نے اس ملک کی معیشت کو لیڈ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا کام کاروباری طبقے کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے، وزیراعظم کی قیادت میں ملک کے تمام چیمبرز سے ہم رابطے میں ہیں، ایس آئی ایف سی کھلے دل کے ساتھ سب کو اعتماد میں لینے کے عمل پر کاربند ہے، جہاں جہاں کاروبار میں جائز تشویش ہے اس کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا بجلی کے نرخوں میں کمی ہوئی ہے، بجلی کی قیمت میں مزید بہتری کی امید ہے۔