کراچی: وفاقی حکومت نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ پاکستان دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے ساتھ وفد کو آج سب سے بڑا سویلین اعزاز دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف جنگ کے بعد عالمی فورمز پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے پر بلاول کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بھارت کے خلاف جنگ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو بھرپور انداز میں پیش کرنا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی جارحیت پر عالمی برادری کو پاکستان کے بھرپور مؤقف سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے یورپی پارلیمنٹ میں پاکستان کا امن بیانیہ پیش کیا۔
بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر جارحیت کی جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیتے ہوئے ناصرف 6 بھارتی جنگی طیارے گرائے بلکہ کئی ائیر فیلڈز کو بھی تباہ کیا، 4 روزہ جنگ میں بھارت نے امریکا سے مدد طلب کی جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔