وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے رابطہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے خیبر پختونخوا میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ، فلیش فلڈز سے قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا۔
وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سے گفتگو میں کہا کہ این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومت کی ریسکیو و ریلیف آپریشن میں ہر قسم کی معاونت کریں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہاکہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی ہر قسم کی مدد کرے گی، وفاقی حکومت ادویات، خیمے اور اشیاء خورونوش بھیج رہی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ مشکل کی اس گھڑی میں ہماری تمام ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
یاد رہےکہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں اب تک 200 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
صرف بونیر میں 150 سے زیادہ افراد جاں بحق جبکہ کئی لاپتا ہو گئے،کلاوڈ برسٹ کے بعد سیلاب کئی گاؤں بہا لے گیا، مکینوں کے آشیانے گرگئے، سیلابی ریلوں میں جانور اور گاڑیاں بھی بہہ گئیں جبکہ بونیر میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔
باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔
مانسہرہ کے گاؤں ڈھیری حلیم میں رات گئےکلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی ریلے میں بہنے والے 16 افراد کی لاشیں بٹگرام سے نکال لی گئیں، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔
باجوڑ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوگئے ہیں۔