خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹر حادثے کی ابتدائی رپورٹ صوبائی حکومت کو موصول ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹرصبح 10 بج کر 30 منٹ پر باجوڑ م سلار زئی کے لیے روانہ ہوا اور امدادی کارروائیوں سے واپسی پر ہیلی کاپٹرضلع مہمند میں حادثہ کا شکار ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کا حادثہ خراب موسم اور شدید دھند کے باعث پیش آیا، ہیلی کاپٹر کو تلاش کرنے کے لیے ڈرون کیمروں کو بھی استعمال کیا گیا اور حادثے کی تصدیق 4 بج کر 45 منٹ پر ہوئی ، 5 افراد شہید ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق شہید پائلٹس میں شاہد سلطان اور ریٹائرڈ ونگ کمانڈر آفتاب شامل ہیں، شہدا کی لاشیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کی گئیں۔

سرکاری حکام نے بتایاکہ ہیلی کاپٹر کا حادثہ جس جگہ پر ہوا وہاں بارش نہیں ہورہی تھی، حادثہ جہاں پیش آیا وہاں اونچا پہاڑبادلوں اور دھند میں ڈوبا ہوا تھا اور ہیلی کاپڑ کا ملبہ خشک نالے میں گرا۔
یاد رہےکہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں اب تک 200 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
صرف بونیر میں 150 سے زیادہ افراد جاں بحق جبکہ کئی لاپتا ہو گئے،کلاوڈ برسٹ کے بعد سیلاب کئی گاؤں بہا لے گیا، مکینوں کے آشیانے گرگئے، سیلابی ریلوں میں جانور اور گاڑیاں بھی بہہ گئیں جبکہ بونیر میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔
باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔
مانسہرہ کے گاؤں ڈھیری حلیم میں رات گئےکلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی ریلے میں بہنے والے 16 افراد کی لاشیں بٹگرام سے نکال لی گئیں، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔
باجوڑ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے۔