راولپنڈی (20 اگست 2025): انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل سمیت 14 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
اے ٹی سی میں جی ایچ کیو حملہ سمیت 9 مئی کے 12 مقدمات کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔ اس دوران 14 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار جاری کیے گئے جن میں کنول شوزب اور چوہدری آصف بھی شامل ہیں۔
عدالت نے ملزمان کو آئندہ سماعت پر گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر ظہیر شاہ اور وکلا صفائی عدالت میں پیش ہوئے۔ 9 مئی کے 14 ملزمان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، 14 ملزمان فیصل آباد لاہور کی عدالتوں سے سزا یافتہ اور روپوش ہیں، پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کی حاضری سے استثنیٰ کی دائر درخواست کی مخالفت میں دلائل دیے۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے استدعا کی کہ ضمانتیں حاصل کرنے کے بعد پیش نہیں ہوئے ضمانت خارج کی جائے۔ انہوں نے حاضری سے استثنیٰ کی دائر درخواست کی مخالفت میں دلائل دیے۔
عدالت نے دلائل سے اتفاق کر کے 14 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، مقدمات کی سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔