افسوس 7 دہائیاں گزر گئیں مگر پاکستان، قائد کی امنگوں کے مطابق نہ بن سکا، علامہ سید ساجدعلی نقوی
بابائے قوم نے ہمیں آزاد وطن دیا ، افسوس! یہاں بنیادی حقوق تک محفوظ نہیں ، قائد ملت جعفریہ
اسلام آباد11 ستمبر 2025ء : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح عظیم لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں جنہوںنے پرجوش عوامی جدوجہد کے ذریعے ایک آزاد ، خود مختار مملکت کے قیام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا، افسوس آج پاکستان ایک طرف داخلی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہے تو دوسری جانب کم ترین شرح خواندگی اور معاشرتی برائیوں نے بھی گھیر رکھاہے ۔بنیادی حقوق ناپید ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے بانی پاکستان محمد علی جناح کے 77 ویں یوم وفات پر اپنے خیالات کا اظہا رکرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح ایک آزاد اور خود مختار وطن ہمارے حوالے کیا مگر آج کے روز ہمیں جائزہ لینا چاہیے کہ بزرگوں کی اس امانت کے ساتھ کیا کیاگیا ،7 دہائیاںگزر گئیں مگر قائد کی امنگوں کے مطابق آزاد، خود مختار اور ترقی یافتہ پاکستان نہ بن پایا، وہ پاکستان جسے اسلام کی تجربہ گاہ اور دنیا کےلئے مشعل راہ بننا تھا اس کے بجائے اسے بیرونی قرضوں، مختلف خلفشاروں کی نذر کردیاگیا ، افسوس اس وطن کو جسے اسلامی قوانین کے نفاذ، بنیادی حقوق اور بنیادی انسانی ضروریات کے حوالے سے صف اول میں کھڑا ہونا چاہیے تھا، فلسطین و کشمیر سمیت مظلوموں کی توانا آواز بننا تھا اس کی جگہ طبقاتی تفاوت، ہر پہلو سے عدل و انصاف کے فقدان اور انتہا پسندی نے جگہ لے لی ، ذاتی خواہشات و سیاسی مفادات کو ملکی مفادات پر ترجیح دی گئی، عوام کے حقوق کی آواز اٹھانیوالوں نے عوام کو طبقاتی تفریق، پسماندگی اور تنگدستی کی نذر کردیا۔ قائد کے پاکستان کو داخلی طور پر مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے کےلئے لازم ہے کہ حکمران اور ارباب اختیار اچھے اور بروں میں تفریق کریں، ظالم و مظلوم، انتہا پسندوں و امن پسندوں میں فرق کئے بغیر توازن کی ظالمانہ پالیسیوں پر عمل پیراہوکر کبھی ملکی سلامتی اور قومی خدمت کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوگا۔ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہونے کےلئے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے اصول کیساتھ نظام تعلیم میں صحیح معنوں میں اصلاحات اور بنیادی حقوق کے تحفظ سمیت تمام امور پر ملکی مفادات کو مقدم رکھا جائے۔
افسوس 7 دہائیاں گزر گئیں مگر پاکستان، قائد کی امنگوں کے مطابق نہ بن سکا: علامہ سید ساجدعلی نقوی
متعلقہ مضامین


