10 اگست 2026: شیعہ علماء کونسل پاکستان پنجاب کے اعلیٰ سطحی وفد کی تحفظِ عزاداری کے حوالے سے حکومتِ پنجاب کے نمائندگان کے ساتھ طے شدہ اہم میٹنگ ہوم ڈیپارٹمنٹ لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں عزاداری سے متعلق مختلف اہم امور اور مطالبات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں تحفظِ عزاداری سے متعلق پیش کیے گئے مطالبات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس کے نتیجے میں جیلوں میں شیعہ قیدیوں کے لیے عزاداری کی اجازت اور سہولیات اور دربار بی بی پاکدامن کی وسعت سے متعلق دو مطالبات پر فوری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مجلسِ عزا میں شرکت کے باعث جیلوں میں بند اسیروں کے حوالے سے بھی فوری اقدامات کا عمل شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔دیگر مطالبات پر بھی تفصیلی بحث و تمحیص اور غور و خوض کیا گیا، جبکہ حکومتی نمائندگان کی جانب سے مزید مشاورت کے بعد دوبارہ اجلاس منعقد کرنے اور مثبت نتائج کے لیے عملی پیش رفت کی یقین دہانی کرائی گئی۔
میٹنگ میں شیعہ علماء کونسل پنجاب کے وفد میں صدر شمالی پنجاب علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی، صدر وسطی پنجاب سید ساجد حسین نقوی، جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب سید صفی الحسنین شیرازی، جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب سید نیئر عباس کاظمی اور فوکل پرسن پنجاب قاسم علی قاسمی شامل تھے۔
حکومتِ پنجاب کی جانب سے چیئرمین لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی پنجاب عاصم، ایڈیشنل ہوم سیکرٹری عبدالرؤف، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ عمران احمر، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی جویریہ مقبول، ڈی جی اوقاف حافظ انیس الرحمن سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔







