منگل, اگست 11, 2026
ہومقائد کے مواقفحضرت محمد مصطفیٰؐ اور امام حسنؑ کی شہادت امت مسلمہ کے لیے...

حضرت محمد مصطفیٰؐ اور امام حسنؑ کی شہادت امت مسلمہ کے لیے بڑے سانحات ہیں، علامہ سید ساجد علی نقوی

حضرت محمدمصطفے ٰ، انسانیت کی ہدایت کا مرکز و محور ہیں، قائدملت جعفریہ پاکستان
آپ کی رحلت اور امام حسن ؑ کی شہادت اُمت مسلمہ کے لئے بڑے سانحات ہیں‘ علامہ سید ساجد علی نقوی
امام حسن ؑ نے اپنے آباواجدادکی سیرت پرعمل کرتے ہوئے مسلمانوں کو امن و محبت کا درس دیا اور اسلام کی نگہبانی کی
راولپنڈی/ اسلام آباد 11 اگست 2026 ئ :قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ قرآن کے بعد خاتم النبین‘ رحمت اللعالمین،حضرت محمد مصطفے ٰ انسانیت کی ہدایت کا مرکز و محور ہیں، آپ کی سنت اورسیرت طیبہ ،امت مسلمہ کے لئے ایساسرچشمہ نورہے جوقیامت تک انسانیت کو ہر میدان میں زندگی گزارنے کا طریقہ اور ترقی کا سلیقہ سکھاتا رہے گا۔ اگرعالم انسانیت بالعموم اور امت مسلمہ بالخصوص حضوراکرم کی سنت اورسیرت طیبہ پر عمل پیرا ہوجائے تو خطہ ارض سے تمام مشکلات کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔ وصال نبوی کے بعد قرآن و عتر ت منبہ رشد و ہدایت قرار پائے ، اہل بیت اطہار ؑ نے امت مسلمہ کی نجات کے لئے تمام معاملات میں اُن کی رہنمائی نہایت احسن اندازمیں کی، عالم انسانیت کے دینی ، دنیاوی، انفرادی‘اور اجتماعی مسائل کا حل اہل بیت ؑ نے اپنے اقوال اور عمل و کردار سے پیش کیا اور خاتم النبین کے بعد اُن کے جانشین کے طور پر فرائص انجام دیئے۔نواسہ رسول امام حسن مجتبیؑ، اپنے جد امجد رسول اکرم ، والدگرامی حضرت علی ؑ اوروالدہ محترمہ سیدہ فاطمہ زہرا ؑ کی طرح کامل نمونہ تھے،آپ ؑ میں جودوسخا، صبر وتحمل،عفوودرگزر،غمگساری اورمحبت کے ایسے نمایاں پہلوتھے کہ دشمن بھی معترف تھے۔اس سخاوت کی بدولت آپ کو ”کریم اہل بیتؑ” کا لقب ملا۔28 صفر المظفر خاتم الانبیاءکے یوم وصال اور نواسہ رسول حضرت امام حسن ؑ کے یوم شہادت کے موقع پر علامہ ساجدنقوی نے کہا کہ اگر ہم سیرت نبوی کا عملی مظاہرہ دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں امام حسن ؑکی سیرت کا مطالعہ کرنا ہوگا، کیونکہ رسول خدا ، حضرت علی ؑ اور سیدہ فاطمہ زہراؑ نے حضرت امام حسن ؑ کی تربیت اِس نہج پر کی کہ ہر شعبہ حیات میں رسول اکرم کی شبیہ جلوہ گر ہو۔ خود رسو ل خدا نے اپنی احادیث میں بھی امام حسنؑ کے مقام و مرتبت کی صراحت فرمادی تھی۔ امام حسن ؑنے اپنے جد امجد کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مسلمانوں کو امن، محبت اوربرداشت کا درس دیا اور صلح کا راستہ اپناکریہ ثابت کیاکہ اہل بیت پیغمبر، دین اسلام کی نگہبانی اورامت کی بھلائی کے لئے ہرقربانی پیش کرنے کو تیارہیں۔قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ موجودہ پرفتن دور اور سنگین حالات میں ہمیں فروعی اور جزوی اختلافات کو بالا تر ہو سینکڑوں مشترکات کو سامنے رکھنا ہوگا؛ سیرت نبوی اور خاندان رسالت کے کردارپر عمل پیرا ہوکر امن و رواداری‘ تحمل و برداشت، علم وحلم اور اُخوت و یگانگت کاراستہ اختیارکرناہوگا۔کیونکہ یہی وہ راہ ہے جو خداوند تعالی اور خاتم الانبیاءکی خوشنودی کاذریعہ ہے اور اسی میں ہماری دنیوی اوراخروی نجات ہے۔

متعلقہ مضامین
- Advertisment -
Google search engine

تازہ ترین