زندہ قومیں وقار کے ساتھ جیتیں اورمادر وطن کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتیں ، قائد ملت جعفریہ پاکستان
اسلام آباد13 اگست 2026ء : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں جب تک تحریک پاکستان والا جذبہ اور ہر معاملے پر قومی مفاد مقدم نہیں ہوگا آزادی کے ثمرات عام آدمی تک نہیں پہنچ سکیں گے اورمتعصبانہ قانون سازی سے اجتناب کرناہوگا، زندہ قومیں وقار کیساتھ جیتی ہیں اور مادر وطن کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتیں۔
ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 79 ویں یوم آزادی پاکستان پر قوم کے نام پیغام میں کیا۔ قائد ملت جعفریہ نے کہاکہ پاکستان کو آزاد ہوئے 79 برس گزر گئے، آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجودآج بھی عوام خوشحال ہیں نہ چیلنجز پر مکمل طور پر قابو پایا جاسکا، انصاف میسر ہے نہ امن عامہ کی صورتحال متاثر کن،اڑھائی کروڑ بچے زیور تعلیم سے محروم تو کئی لاکھ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار،ملک کی بڑی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے جاچکی،لوئر مڈل کلاس ختم ہوچکی، شعبہ زراعت،لیبر اور عام آدمی کسمپرسی کا شکار ، ایسے حالات میں ہم79 ویں یوم آزادی منارہے ہیں ،سوچنا ہوگا کہ آخر کن امور اور اقداما ت سے صرف نظر کیاگیا؟انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ اب کھوکھلے نعروں اور دکھاوے سے عام آدمی کو متاثر کیا جاسکتاہے نہ مطمئن کیونکہ اب وعدوں کانہیں عملی اقدامات کا وقت ہے ۔ انہوںنے زور دیتے ہوئے کہاکہ جس انداز سے دفاع وطن کےلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا گیا ، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا گیا اب اسی جذبے کیساتھ داخلی، معاشی اور سماجی مضبوطی کےلئے اقدامات اٹھانا ہونگے ، جب تک تحریک پاکستان والا جذبہ اورہر معاملے پر قومی مفاد مقدم نہیں ہوگا آزادی کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے نہ ہی ملک آگے بڑھ سکے گا ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ریاست نئی نسل کو بے راہ روی سے بچانے کےلئے دور جدید کے تمام سائنسی ، علمی ،فنی، ثقافتی اور ارتقائی تقاضوں کے مطابق انہیں آراستہ کرے تاکہ بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹا جاسکے ،جب تک ہم مذکورہ بالا تمام امور پر سختی سے عمل پیرا نہیں ہوتے اس وقت تک ملک میں حقیقی ترقی ممکن نہیں ۔
انہوںنے اس موقع پر عوام کو متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ اپنے دائرہ اختیار میں فرائض کی انجام دہی کویقینی بنائیں،ملک میں اتحاد بین المسلمین ، فرقہ وارانہ و مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارہ قائم کر کے قومی اتفاق رائے و ملی یکجہتی کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔
زندہ قومیں وقار کے ساتھ جیتیں ہیں اور مادر وطن کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتیں ، قائد ملت جعفریہ پاکستان
متعلقہ مضامین


