پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے دورے پر ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی ، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف،ایرانی وزیرِخارجہ وایرانی وزیرِداخلہ سے ملاقاتیں کیں۔
تہران میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات بھی ہوئی، ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کے سلسلے میں ایران پہنچے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے حل کے لیے کوششوں کے فروغ پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال ایرانی وزیرِداخلہ اسکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کیلئے اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے علاقائی امن اورتنازعات کے مذاکرات کے ذریعے حل کے طریقۂ کار پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی قیادت نے مذاکرات،کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پُر امن حل میں سہولت کاری کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر پیر کو ایران کا دورہ کریں گے، پاکستانی فیلڈ مارشل کا دورہ ایران خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق پاکستانی آرمی چیف کے دورے کا مقصد ایران پاکستان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے جبکہ پاکستانی چیف آف ڈیفنس فورسز ایران کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور عباس عراقچی کے درمیان کل ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا، دونوں نے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا ایران جنگ کے دوران اس سے پہلے بھی دو بار ایران کا دورہ کرچکے ہیں۔


