بد نام زمانہ معاشی نظام مذموم مقاصد کیلئے دنیا کے وسائل پر قابض ، علامہ سید ساجد علی نقوی
غزہ سمیت مختلف آزاد ریاستوں پرہزاروں ٹن بمباری کرکے انسانیت کو تاراج کرنے کے علاوہ خوراک کا بحران پیدا کرکے مظلوم خطوں کے عوام کو زندہ درگور کرنے کی سازش میں مصروف ، قائد ملت جعفریہ پاکستان
راولپنڈی /اسلام آباد 15 اکتوبر2026ئ : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ بد نام زمانہ معاشی نظام مذموم مقاصد کیلئے دنیا کے وسائل پر قابض ہے، غزہ سمیت مختلف آزاد ریاستوں پر ہزاروں ٹن بمباری کرکے یا پھر آزاد ریاستوں کو مقروض کرکے انسانیت کو تاراج و غلام بنانے کے علاوہ نت نئی سازشوں سے خوراک کے بحران پیدا کئے جارہے یں تاکہ مظلوم و مقروض خطوں کے عوام زندہ درگور ہوجائیں یا ان کے تابع، اسی معاشی عدم انصاف کے باعث آج پوری دنیا میں انسانیت طبقاتی نظام کی نذر ہوگئی، امیر دولت کے انبار کے ساتھ امیر ترین جبکہ غریب نا مواقف حالات و مساوی مواقع نہ ہونے کے باعث نان شبینہ سے بھی محروم ہے ،کمیونزم اور سوشل ازم دنیا کو معاشی انصاف کی فراہمی میں کامیاب نہ ہوسکے ۔
ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے 16 اکتوبرعالمی یوم تحفظ خوراک اور17 اکتوبر یوم انسداد غربت پر اپنے پیغام میں کیا، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ اقوام متحدہ دنیا کا بظاہر متفق علیہ ادارہ ہے، مختلف موضوعات پر عوامی شعور و آگہی کیلئے ایام بھی مختص کئے گئے ہیں البتہ اس بظاہر طاقتور ادارے کو عملی اقدامات اٹھانا ہونگے، بد نامہ زمانہ معاشی نظام نے پوری دنیا کو جکڑ رکھا ہے،کمیونزم اورسوشل ازم بظاہر خوشنما نعروں کے ساتھ آئے مگر یہ انسانیت کو معاشی انصاف نہ دے سکے بلکہ انسانیت پہلے سے بھی بدترصورتحال سے دوچار ہوگئی خود اقوام متحدہ کے سابقہ اعدادوشمار کے مطابق تقریباً 20فیصدسے زائد دنیا کی آبادی نان شبینہ کو ترستی ہے اس کی بنیادی وجہ یہ مسلط معاشی نظام اور ظالمانہ طرز حکمرانی ہے۔عالمی ایام پر انہوںنے متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے جومساوی بنیادی حقوق و معاشی انصاف اور عادلانہ طرز حکمرانی کاعلمبردار ہے اور جس کا بہترین نمونہ عدل علی کا نظام ہے جو عدل و انصاف کی رہتی دنیا تک مثال ہے۔
بدنام زمانہ معاشی نظام دنیا کے وسائل پر قابض، خوراک کے بحران اور غربت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر : علامہ سید ساجد علی نقوی
متعلقہ مضامین


