راولپنڈی/ اسلام آباد24 نومبر 2026ء : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہدائے عظمت اسلام کانفرنس کی 32 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں اتحاد و وحدت اور رواداری کو فروغ دیاجائے۔ ملک میں اتحاد و وحدت کی ترویج’ امن و آشتی کے حصول’ بھائی چارے اور رواداری کے قیا م اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے 25 نومبر 1994 ء کو مینار پاکستان لاہور میں عظیم الشان اور تاریخی ”عظمت اسلام کانفرنس” منعقد ہوئی تھی جس کے مثبت اثرات بعد ازاں ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل اور وحدت فورمز کی شکل میں ملک کے طول وعرض میں نچلی سطح تک مشاہدے میں آئے۔علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھاکہ دستور اور آئین پاکستان اپنے ہر شہری کو اس بات کی ضمانت فراہم کرتا ہے اور یہ حق دیتا ہے وہ اپنے عقیدے کے مطابق زندگی بسر کرے اور قانون کے دائرے میں اپنے نظریے کے پرچار کے لئے مختلف قسم کی سرگرمیاں انجام دے سکتا ہے مگر بدقسمتی سے عملاً ایسا ممکن نہ ہوسکا اور اس قسم کی آزادیوں کے سامنے مختلف انداز میں رکاوٹیں ڈالی گئیں جس کے نتیجے میں ملک سانحات سے دوچار ہوا عظمت اسلام کانفرنس کے شہدا کی شہادت اسی کا تسلسل تھی۔ کانفرنس کے اختتام پر کانفرنس سے واپسی پر شاہ اللہ دتہ اسلام آباد اور بعض دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے عظمت اسلام کانفرنس کے شرکاء کو محض اس خاطر گولیوں کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ ملک میں تہذیب و شائستگی ‘ امن و اخوت ‘ بھائی چارے اور رواداری کے پیغام کو عام کرنے کا عزم لئے واپس جارہے تھے ۔قائد ملت جعفریہ پاکستان نے شہدائے عظمت اسلام کانفرنس کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کی کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا شہدائے عظمت اسلام کانفرنس کی 32 ویں برسی کے موقع پر پیغام
متعلقہ مضامین


