اسلام آباد(8 اگست 2025): ایم ڈبلیوایم اور شیعہ علماء کونسل نے اربعین مارچ ملتوی کرنےکا اعلان کردیا، سات نکات پر اتفاق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق اربعین پر پاکستانی زائرین کے بذریعہ سڑک جانے پر پابندی کے معاملے پر شیعہ علماء کونسل اور ایم ڈبلیو ایم کے وفاقی حکومت سے مذاکرات کامیاب ہوگئے، شیعہ علماء کونسل نے احتجاجی تحریک کی کال موخر کر دی۔
ملت جعفریہ مذاکراتی کمیٹی نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری سے ملاقات کی، ملاقات میں بارڈر ایریا میں پھنسے زائرین کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔
اس موقع پر کمیٹی کو بتایا گیا کہ حکومت زمینی راستوں سے جانے والے زائرین کو ایئر ٹکٹس پر سبسڈی فراہم کرے گی، بارڈر ایریا میں پھنسے زائرین کو کلیئر کروایا جائے گا۔
حکومت نے وفد کو یقین دہانی کرا دی، سالانہ زائرین کو بسوں کی مد میں لی جانے والی پیمنٹس بھی واپس کریں گے، مذاکرات کمیٹی میں سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مولانا اظہر تقی شامل تھے مذاکراتی کمیٹی چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ احمد اقبال رضوی اورآغا باقر زیدی شامل تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا تھا کہ رواں سال اربعین کے لیے زائرین براستہ بلوچستان، ایران یا عراق نہیں جاسکتے، جس کے بعد مجلس وحدت مسلمین نے زائرین کے لیے اربعین پر زمینی راستوں پر پابندی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
