قائد ملت جعفریہ کی اپیل پر امریکہ و اسرائیل کی ایران پر جارحیت و رہبر معظم کی شہادت پر ملک گیر احتجاج
وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شیعہ علماء کونسل ، جے ایس او اور دیگر مختلف مذہبی تنظیموں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا
ائمہ جمعہ و خطباء نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر عوام الناس کو آگاہ کیا،قرآن خوانی کی گئی، مذمتی قراردادیں منظوراور صدائے احتجاج بلند کی گئی
اسلام آباد /راولپنڈی 06 مارچ2026ء : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں پنجاب ، سندھ ، خیبر پختونخوا، بلوچستان ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میںشیعہ علماء کونسل پاکستان ، جے ایس او اور دیگر مختلف مذہبی تنظیموں نے ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کیخلاف رہبر انقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای سمیت اہم شخصیات کی شہادت اور برادر اسلامی ملک کی عوام کیساتھ اظہار یکجہتی و خطے میں کشیدگی کیخلاف ملک گیراحتجاج کیاگیا۔اجتماعات جمعہ میں ائمہ جمعہ و خطباء نے نہ صرف خطے کی تازہ ترین صورتحال پر عوام الناس کو آگاہ کیا بلکہ مذمتی قراردادیں منظوراور صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں امریکہ اسرائیل مخالف بینرز ،پلے کارڈز، پرچم اور رہبر معظم شہید سید علی خامنہ ای کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔اس موقع پر مظاہر ین نے متفقہ قرار دادیں منظور کیں جس کے مطابق کہا گیا کہیہ اجتماع رہبر انقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای، ان کے خانوادے اوران کے ہمراہ چیدہ چیدہ نامور شخصیات کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے اعلان کردہ یوم احتجاج، 13 مارچ 2026ء کے عالمی یوم القدس کے احتجاج اور 40 روزہ سوگ کے اعلان کی مکمل تائید کرتے ہوئے اپنا مہذب اور پرامن احتجاج ریکارڈ کراتا ہے اور واضح کرتا ہے کہ شہداء کامقدس خون صہیون و سامراج کی تباہی و بربادی کا باعث ہوگا ۔ یہ احتجاجی اجتماع برادر ہمسایہ ملک ایران کے سپریم لیڈر کی اسلامی اور انسانی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتا ہے کہ انہوں نے انسانی فلاح و بہبودکو ہمیشہ ترجیح دی جس کا بڑا ثبوت جوہری توانائی کے حصول کے باوجود جوہری ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہ ہونے بارے ان کا واضح و دو ٹوک موقف تھا۔اجتماع یہ بھی محسوس کرتا ہے کہ شہید سید علی خامنہ ای مظلومین جہان کے لئے بھرپور اور توانا آواز اور محروموں کی پناہ گاہ تھے۔ چاہے فلسطین ہو یا مقبوضہ کشمیر، روہنگیا کے مظلوم عوام ہوں یا افریقہ سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں ہونے والی ظلم و زیادتیاں حتی کہ عالم اسلام کے اتحاد و وحدت اور مقدسات کی توہین سے اجتناب کے حوالے سے ان کے فتاویٰ اور اقدامات نے بڑے گہرے اور مثبت و دور رس اثرات مرتب کئے۔ بلا تفریق مسلک و مکتب احتجاجی اجتماع کے شرکاء یہ سمجھتے ہیں کہ برادر اسلامی جمہوریہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کے مقابل ایران کے جوابی اقدامات نہ فقط سرزمین ایران بلکہ دیگر اسلامی ممالک کی جغرافیائی حدود "گریٹر اسرائیل” کے ناپاک صہیونی منصوبے سے بچانے کی کوشش اور اقدام کے علاوہ کچھ نہیں لہذا اسلامی دنیا حالات کی نزاکت کا ادراک کرتے ہوئے صہیونی و سامراجی سازشوں اور عزائم کو ناکام بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔یہ احتجاجی اجتماع کے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی ،مسلمانان پاکستان اور عالم اسلام کی خدمت میں شہید رہبر معظم آیت ا۔۔۔۔ سید علی خامنہ ای کی مظلومانہ شہادت پر تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے صہیون و سامراج کے خلاف اپنی دائمی و ابدی نفرت اور غم و غصے کا اظہار کرتا ہے اور واضح کرتا ہے کہ شہید رہبر کے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ یہ اجتماع صہیون و سامراج کے خلاف ملک بھر میں ہونیوالے پُرامن احتجاجی مظاہروں کے دوران بلاجوازگرفتار شدگان کی فوری رہائی ، مقدمات کے فوری خاتمے اور شفاف تحقیقات کرکے پُرامن مظاہرین پر فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کرتا ہے۔ شہداء کی یاد تازہ کرنے اور ظلم و ستم پر آواز احتجاج بلند کرنے کے اس اجتماع کے شرکاء ترلائی کلاں اسلام آباد میں ایک ماہ قبل نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران حالت سجدہ میں شہادت پانے والے درجنوں نمازیوں اور سینکڑوں زخمیوں کے سوگواروں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ کے اصل محرکات منظر عام پر لانے، قاتلوں کو قانونی شکنجے میں جکڑنے اور ورثاء کے تحفظات دور کرنے کا مطالبہ کیا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان کی اپیل پر امریکہ و اسرائیل کی ایران پر جارحیت و رہبر معظم کی شہادت پر ملک گیر احتجاج
متعلقہ مضامین


