عزاداری فکر حسینی کی ترویج کا ذریعہ ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
راولپنڈی/اسلام آباد 3اگست 2026ء : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے نواسہ پیغمبر اکرم ۖ امام حسین اور شہدائے کربلا کے چہلم (اربعین حسینی ) کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ عزاداری فکر حسینی کی ترویج کا ذریعہ ہے، نہ صرف عالم اسلام بلکہ عالم انسانیت بلا تفریق ملک و خطہ اور مذہب و مسلک امام عالی مقام اور ان کے باوفا اور جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد مناتا ہے، گذشتہ چودہ صدیوں سے آپ کی ذات سے وابستہ رہنے کو اپنے لئے شرف اور رہنمائی کا باعث قرار دے رہا ہے بلکہ آپ کی سیرت و کردارسے مسلسل استفادہ کررہا ہے ۔ دور حاضرمیں صہیون و سامراج سے برسر پیکار حق و صداقت کی حامی قوتیں امام حریت سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی فکر انگیز تحریک سے آگاہی و آشنائی حاصل کرکے اتحاد و وحدت’ مظلومین کی حمایت’ یزیدی قوتوں سے نفرت کا عملی ثبوت فراہم کررہی ہیں۔قائد ملت جعفریہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ وحی الہی کے مطابق مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں اور یہ امت ایک امت ہے۔لہذا تمام مسالک کے جذبات کو ملحوظ خاطر رکھ کر اخوت’ بھائی چارے’ باہمی احترام’ برداشت اور تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔ امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ تاریخ انسانی کے کربلا جیسے معرکہ حق و باطل میں سرفرازو سر بلند حضرت سید الشہداء کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنے اتحاد و وحدت کے ذریعہ دشمنان اسلام کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوا ر بن جائیں اور سامراجی قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاکر اپنے زندہ و بیدار ہونے کا ثبوت دیں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی کا نواسہ پیغمبر اکرم ۖ امام حسین اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر اہم پیغام
متعلقہ مضامین


