ملک دفاعی لحاظ سے مضبوط ، اب پاکستان کو معاشی و داخلی استحکام کی ضرورت، علامہ سید ساجد علی نقوی
ارض وطن کی سلامتی و خود مختاری کےلئے دی گئی قربانیاں ، خدمات یاد رکھی جائینگی، قائد ملت جعفریہ پاکستان
عوام کو امن و سکون کی فراہمی‘ انکے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے،یوم دفاع پرپیغام
راولپنڈی /اسلام آباد05ستمبر 2026ء : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں ملک دفاعی لحاظ سے مضبوط، 1965ءکے بعد جس انداز سے مئی 2025ءمیں پاکستان نے ازلی دشمن کو ناکوں چنے چبوائے، پاک فوج کیساتھ پاک فضائیہ اورپاک بحریہ نے جس پروفیشنل انداز سے دفاعی حکمت عملی اپنائی اور ٹیکنالوجی کے زبردست استعمال کیساتھ جس انداز سے دشمن فوج کو پسپا کرتے ہوئے فتح سمیٹی وہ نہ صرف غیر معمولی، بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کا سبب بلکہ واضح کرگیا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے غیر معمولی اہمیت کا حامل مضبوط مملکت ہے، اب ارض وطن کو سب سے بڑے چیلنجز معاشی اور داخلی لحاظ سے ہیں لہٰذا جس انداز سے مضبوط دفاعی قوت بننے کےلئے جستجو کی گئی ایسی ہی جدوجہد اب معاشی و داخلی استحکام کےلئے بھی لازم ہے تاکہ نہ صرف ریاست خوشحال ہو بلکہ عام آدمی کی مشکلات کا بھی ازالہ کیا جاسکے۔
6ستمبر یوم دفاع وطن پر پیغام میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کی سلامتی اور خود مختاری کے دفاع کیلئے دی گئی قربانیاں اور خدمات یاد رکھی جائیں ‘تمام پاکستانی وطن عزیزکی سلامتی‘ دفاع اور ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ایک قوم بن کر ارض پاک کو داخلی و خارجی بحرانوں سے نجات دلاسکتے ہیں، خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال میں اپنے کردار کو برقراررکھتے ہوئے داخلی سطح پر عوام کو امن و سکون کی فراہمی‘ انکے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔انہوں نے دفاع پاکستان کےلئے جام شہادت نوش کرنیوالے شہداءکو خراج عقیدت اورتمام غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اپنے اتحاد و وحدت کے مشن کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ قوم اپنے اندر وحدت و اتحاد پیدا کرے اور حکمران بھی اس معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقدام اٹھائیں۔
ملک دفاعی لحاظ سے مضبوط ہے اب معاشی و داخلی استحکام کی ضرورت ہے: علامہ سیدساجد علی نقوی
متعلقہ مضامین


