شہید قائد عارف حسین الحسینی نے اتحاد و حدت کیلئے گراں قدر خدمات سر انجام دیں ، علامہ سید ساجد علی نقوی
قائد شہید نے مارشل لاء دور میں جہاں عوام کو ان کے حقوق کا شعور دیا وہاں ہر مکتب کے عوام کو اتحاد و وحدت اور ہم آہنگی کا درس دیا، قائد ملت جعفریہ
شہید قائد کی شخصیت کاگہرا مطالعہ کریں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے غزہ ‘ فلسطین و لبنان اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لئے آواز بلند کریں، برسی پر پیغام
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے قائد شہید علامہ عارف الحسینی کی 38 ویں برسی کے موقع پر کہا کہ5 اگست تاریخ کا سیاہ دن ہے جس دن قائد ملت علامہ عارف حسین الحسینی کو گولیوں کا نشانہ بناکر شہید کردیا گیا ۔اگرچہ علامہ حسینی کا حوالہ مذہبی تھا لیکن انہوں نے ایک نئی سوچ اور فکر دی اور نئی طرح ڈالی انہوں نے مظلوموں اور محکوموں کے لئے آواز بلند کی اور اتحاد و وحدت کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ قائد شہید نے مارشل لاء دور میں جہاں عوام کو ان کے حقوق کا شعور دیا وہاں ہر مکتب کے عوام کو اتحاد و وحدت اور ہم آہنگی کا درس دیا اور عملی طور پر اتحاد بین المسلمین کے لیے خدمات انجام دے کر پاکستان کے مسلمانوں کو ایک لڑی میں پرونے کی بھرپور کو شش کی۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ شہید کے پیروکاروں کو چاہیے کہ وہ شہید قائد کی شخصیت کاگہرا مطالعہ کریں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے امت مسلمہ جیسے غزہ ‘ فلسطین و لبنان اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لئے آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں محروم و مظلوم طبقات کو درپیش مسائل کے حل ً فرقہ واریت کے خاتمے’ طبقاتی تقسیم ‘بد عنوانی’ بے راہ روی اورمعاشرتی مسائل کے حل کے لیے جدوجہدکریں ا ورمکمل عزم اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔


