اتوار, نومبر 8, 2026
ہومپاکستانمفکر و شاعرِ مشرق نے برصغیر کے مسلمانوں میں جذبۂ حریت بیدار...

مفکر و شاعرِ مشرق نے برصغیر کے مسلمانوں میں جذبۂ حریت بیدار کیا، علامہ سید ساجد علی نقوی

علامہ اقبال نے قرآنِ کریم، سیرتِ رسولؐ سے عملی استفادہ کرنے، مشاہیرِ اسلام کے کردار کا مطالعہ کرنے اور اسلامی روایات و اقدار کو فروغ دینے کی سعی کی، قائدِ ملت جعفریہ

راولپنڈی/اسلام آباد، 8 نومبر 2026ء: قائدِ ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ مفکر و شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار و نظریات امتِ مسلمہ کے ہر دردمند انسان کی آواز تھے۔ انہوں نے جہاں برصغیر کے مسلمانوں میں جذبۂ حریت بیدار کرنے کی کوشش کی، وہیں قرآنِ کریم اور سیرتِ رسولؐ سے عملی استفادہ کرنے، مشاہیرِ اسلام کے کردار کا مطالعہ کرنے اور اسلامی روایات و اقدار کو فروغ دینے کی سعی بھی کی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے مغربی ثقافت کی کمزوریوں کو بھی اجاگر کیا۔

قائدِ ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ نہایت افسوس کے ساتھ اس حقیقت کا اظہار کرنا پڑتا ہے کہ مصورِ پاکستان نے ارضِ وطن کا جو خواب دیکھا تھا، نصف صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ہم اسے شرمندۂ تعبیر نہیں کر سکے۔ علامہ اقبال کے کلام سے شعری چاشنی تو حاصل کی گئی، لیکن اس میں موجود پیغام کو سمجھنے کی کوشش نہیں کی گئی۔ ان کے نام سے ادارے تو قائم کیے گئے، لیکن ان کے افکار و پیغام کو عملی شکل دینے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔ آزادی اور حریت کا جو سلیقہ اقبال نے سکھایا، اس پر عمل کرنے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال نے قرآن و سنت اور تاریخِ اسلام سے جس مثبت انداز میں استفادہ کیا، وہ ان کا طرۂ امتیاز تھا۔ اس استفادے کا واضح اظہار ان کے کلام میں دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے اپنے اشعار میں جگہ جگہ اسلامی اقدار و روایات کو موضوعِ سخن بنایا اور امتِ مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنے کا پیغام دیا۔

متعلقہ مضامین
- Advertisment -
Google search engine

تازہ ترین