تاریخ اسلام و پاکستان میں خواتین کا غیر معمولی کردار، فاطمہ جناح بھی ایسے ہی کردار کی حامل
محترمہ فاطمہ جناح آخری دم تک قائد اعظم کے افکار پر ڈٹی رہیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان
تحریک پاکستان، قیام پاکستان اور جمہوری و شخصی آزادیوں کےلئے ان کی کاوشیں ناقابل فراموش ہیں،علامہ ساجد نقوی کا برسی پر پیغام
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ قومو ں کی ترقی میں ہمیشہ خواتین کا مرکزی کردار رہاہے، جدوجہد پاکستان میں محترمہ فاطمہ جناح وہ شخصیت ہیں جو نہ صرف بابائے قوم کے شانہ بشانہ رہیں بلکہ انتہائی مشکل ترین حالات میں بھائی کا ساتھ دے کر برصغیر میں پاکستان کے قیام میں اپنا ناقابل فراموش کردار ادا کیا اور بعد ازاں مشکل ترین حالات کے باوجود جمہوری ، اسلامی ، فلاحی ریاست کے قیام کی خاطر آخری دم تک جدوجہد کرتی رہیں، آئین کی بالادستی اورجمہوریت کی مضبوطی کیلئے ان کا نمایاں کردار ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جنا ح کی59 ویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ محترمہ فاطمہ جناح روز اول سے بانی پاکستان کے شانہ بشانہ ساتھ رہیں اور قیام پاکستان میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور مشکل حالات کے باوجود اپنے بھائی کا ساتھ چھوڑا نہ ہی ان کے نظریات سے انحراف کیا۔قائد کی رحلت کے بعد بھی بہت سی مشکلیں آئیں مگر وہ اپنے موقف پر ڈٹی رہیںاور اپنے آخری ایام تک ان پر کاربند رہیں۔ وہ مادر ملت کے ساتھ مادر جمہوریت کہلانے کی بھی حقدار ہیں کیونکہ جس طرح انہوں نے آئین کی بالادستی کیساتھ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کیا وہ بھی ناقابل فراموش ہے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ پوری قوم کو محترمہ فاطمہ جناح کے افکار اور ان کی جدوجہد سے سبق سیکھنا چاہیے، اسلام اور پاکستان کی تاریخ میں خواتین کا ایک بڑا کردار رہاہے جبکہ قوموں کی ترقی و خوشحالی میں بھی خواتین نے ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیاہے۔ آخر میں انہوں نے کہاکہ مادر ملت کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا اور مشعل راہ سمجھا جائیگا۔ملک و قوم کی خدمت کیلئے ان کے کردار سے استفادہ کیا جائے۔
محترمہ فاطمہ جناح آخری دم تک قائد اعظم کے افکار پر ڈٹی رہیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان
متعلقہ مضامین


