قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے ملاقات کی جس میں عالمی صورتحال سمیت ملکی سیاسی و تنظیمی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں عالمی سطح پر جنگی صورتحال کے تناظر میں وطن عزیز پاکستان پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیاگیا۔ جبکہ ملک میں امن امان کی صورتحال میں عوامی مسائل اور ان کے حل پر غور و خوص ہوا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے قائد محترم کی جانب سے ملک کے مختلف حصوں میں جاری فلاحی اور سماجی منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا- جبکہ قم المقدس میں زیر تعلیم پاکستانی حوزوی طلباء کے لیے تیسرا اور نجف اشرف کے پاکستانی طلاب کے لیے پہلا ہدیہ اخلاص دینے کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔قائد محترم نے مرکزی سیکرٹری جنرل اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور تمام اہم امور سمیت رمضان المبارک میں پاکستان آنے والے مبلغین کی خدمات کے حوالے سے طریقہ کار پر رہنمائی فرمائی۔ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے تنظیمی حوالے سے صوبہ سندھ کی دوسری صوبائی کونسل کی اجلاس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تنظیمی صورتحال پر بھی باہمی تبادلہ خیال کیا۔


