امن کو عالمی استکباریت، سامراجیت اور صہیونیت سے شدید خطرات، افسوس اقوام متحدہ بے بس ہوچکا، علامہ سید ساجد علی نقوی
عالمی یوم امن ایسے موقع پر جب سرزمین انبیاء تاراج کی جاچکی، مشرق وسطیٰ میں آگ و خون کا کھیل جاری، بچوں سمیت بنیادی انسانی انفراسٹرکچر فرعون وقت اور اسکے آلہ کاروںکے ہاتھوں تباہ ہوچکا، جب تک ظالم کا ہاتھ نہیں روکا جائیگا، پائیدار قیام امن خواب، قائد ملت جعفریہ پاکستان
راولپنڈی /اسلام آباد21ستمبر 2026 : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں امن کو عالمی استکباریت، سامراجیت اور صہیونیت سے شدید خطرات ہیں، افسوس اقوام متحدہ بدی کے مرکز (سامراج و صہیون)کو فلسطین سمیت خطے میں بڑھتے مظالم روکنے میں کامیاب نہ ہوسکا، عالمی یوم امن پرسرزمین انبیاء تاراج ہوچکی، مشرق وسطیٰ میں آگ و خون کا کھیل جاری ہے ، بچوں سمیت بنیادی انسانی انفراسٹرکچر فرعون وقت اور اس کے آلہ کاروںکے ہاتھوں تباہ ہوچکا، لازم ہوچکا کہ ظالم کا ہاتھ روکا جائے، مسئلہ فلسطین و مسئلہ کشمیر حل کئے جائیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے عالمی یوم امن پر اپنے بیان میں کیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ 1952ء سے اس روز کو اقوام متحدہ اسی تخصیص کیساتھ منا رہاہے، خود اقوام متحدہ غزہ سے سوڈان،کانگو، ہیٹی، میانما ر اور یمن کا تذکرہ گزشتہ ادوار میں کرچکا حالیہ دنوں میں تہران کے میناب سکولکو جنگی جرائم میں شامل کرچکا مگر افسوس اس کے باوجود سامراجی صدر جس غیر سنجیدگی و دھمکی آمیز رویہ روا رکھے ہوئے اس سے بڑھ کر امن دشمنی کیا ہوگی؟ یوم امن ایسے موقع پر آیا جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس منعقد ہونے جارہاہے مگر اس نمائندہ اجلاس کیلئے ، جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر اور مشرق وسطی میں مسئلہ فلسطین کئی عشروں کے بعد بھی حل نہ ہونا اس کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے ، جنگیں مزیدمسائل پیدا کرتی ہیں، انسانی المیے جنم دیتی ہیں، طاقت کے استعمال نے انسانیت کو امن کے دل فریب نعر ے کے ساتھ تہہ تیغ کیا مگر افسوس نت نئے حیلے بہانوں، سازشوں کے بعد مظالم کیساتھ اب ایک اور پلان کے تحت ناجائز ریاست اسرائیل کا راستہ مزید ہموار کیا جارہاہے جس کا راستہ روکا جانا لازم ہے۔قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہاکہ جب تک عالمی سطح پر ، ریاستی سطح پر اور معاشرتی سطح پر محکوم عوام کو بنیادی حقوق فراہم نہیں کئے جاتے ، جب تک بھار ت واسرائیل جیسی غاصب ریاستیں مظلوم کشمیریوں وفلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھاتی رہیں گی دنیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوگا ۔
امن کو عالمی استکباریت، سامراجیت اور صہیونیت سے شدید خطرات، افسوس اقوام متحدہ بے بس ہوچکا، علامہ سید ساجد علی نقوی
متعلقہ مضامین


